کیا تولیہ بیمار کرنے کا باعث بن سکتا ہے؟

23 ستمبر 2017
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ جو تولیہ آپ روزانہ نہانے کے بعد جسم خشک کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس کے حوالے سے چند احتیاطیں اختیار نہ کرنا صحت کے لیے کتنا تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے اور وہ انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں۔

یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

جی ہاں آپ کو اندازہ ہی نہیں ہوگا کہ تولیہ کتنے جراثیموں سے بھرا ہوا ہوتا ہے اور آپ کو کتنے دنوں کے بعد اسے دھونا چاہئے۔

مزید پڑھیں : بستر کی چادر جلد نہ بدلنا صحت کے لیے نقصان دہ

مشی گن یونیورسٹی اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق کے مطابق نہانے کا تولیہ جراثیموں، جلد کے مردہ خلیات اور انسانی فضلے کا گھر بن سکتا ہے۔

تولیہ جراثیموں کی افزائش کے لیے مثالی ثابت ہوتا ہے کیونکہ وہ گیلے، گرم اور قدرتی طور پر ہائیڈروجن کی ایک قسم کے حامل ہوتے ہیں۔

جلد کے مردہ خلیات اور دیگر جسمانی ذرات جراثیموں کے لیے غذا کا کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا جب بھی کسی تولیے کو استعمال کیا جاتا ہے تو اس میں بیکٹریا جمع ہونا شروع ہوجاتے ہیں، جن میں سے بیشتر صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتے کیونکہ وہ آپ کے جسم سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔

یہ ٹھیک ہے کہ ان میں سے بیشتر جراثیم آپ کو نقصان نہیں پہنچاتے کیونکہ وہ آپ کے جسم سے ہی تولیے میں آتے ہیں تاہم اگر وہی تولیہ دیگر افراد کے زیراستعمال ہوتا ہے تو پھر ضرور صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 6 غذائیں جو فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بڑھائیں

اس کی وجہ یہ ہے کہ ان جراثیموں کا تعلق ایسے بیکٹریا سے ہوتا ہے جو آپ کے جسم کے لیے نیا ہوتا ہے۔

جس کے نتیجے میں چہرے پر کیل مہاسے نکل سکتے ہیں یا کسی قسم کے انفیکشن کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اسی طرح یہ جراثیم معدے کے امراض کا باعث بھی بن سکتے ہیں جبکہ ان میں ای کولی بیکٹریا بھی ہوسکتے ہیں۔

تو پھر سوال یہ ہے کہ تولیے کو کتنے دنوں بعد دھونا ضروری ہوتا ہے؟

تو طبی ماہرین کے بعد زیادہ سے زیادہ تین بار استعمال ہونے کے بعد تولیے کو دھونا انفیکشن سے بچنے کے لیے ضروری ہے اور وہ بھی اس صورت میں جب ہر بار استعمال ہونے کے بعد اسے مکمل خشک کرنے کے بعد ہی دوبارہ استعمال کیا جائے۔

گیلا یا کسی قسم کی بو پیدا ہونا تولیے میں جراثیموں کی تعداد بڑھاتا ہے تو اس کو اکثر دھونا بہت ضروری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں