نئے آئی فون کو پہلے روز خریدنا کوئی آسان کام نہیں مگر ایک باپ نے بیٹی کو شادی میں تحفے کے لیے آئی فون 8 خریدنے کے لیے 13 گھنٹے ایپل اسٹور کے سامنے کھڑے ہوکر گزارے۔

اور یہ بات یہاں ختم نہیں ہوتی درحقیقت بھارت سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ امین احمد ڈھولکیہ کو بیٹی کو شادی پر یہ یادگار تحفہ دینے کے لیے پہلے اپنے ملک سے دور سنگاپور جانا پڑا۔

مزید پڑھیں : آئی فون 8 اور ایٹ پلس صارفین کے لیے دستیاب

سنگاپور میں جمعرات کی رات کو امین احمد ایپل اسٹور کے سامنے کھڑے ہوئے اور پوری رات آئی فون کے انتظار میں گزار کر 13 گھنٹے بعد کامیاب ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا ' میں نے دو فونز خریدیں ہیں، جن میں سے ایک دوسری بیٹی کے لیے ہے، یہ پہلی بار ہے کہ میں کسی چیز کے حصول کے لیے پوری رات قطار میں لگارہا، اب مجھے اچھا تو لگ رہا ہے مگر پوری رات کھڑے رہنا بہت مشکل کام تھا'۔

سنگاپور میں جمعہ کی صبح آٹھ جبے جب ایپل اسٹور کو کھولا گیا تو اس کے باہر متعدد غیرملکیوں سمیت 200 افراد قطار لگائے ہوئے تھے۔

سنگاپور میں یہ اسٹور مئی میں کھلا تھا اور پہلی بار یہاں نئے آئی فونز فروخت کے لیے رکھے گئے تھے۔

واضح رہے کہ کہ ایپل نے بارہ ستمبر کو آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس متعارف کرائے تھے اور ان کی فروخت بائیس ستمبر سے شروع ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں