سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پلے ٹیسٹ میچ کے بعد نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اپنی درجہ بندی میں نمایاں بہتری لانے میں ناکام رہا۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں آٹھ وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ عمدہ کارکردگی کے باوجود کوئی ترقی نہ پا سکے اور 15ویں پوزیشن پر برقرار رہے البتہ محمد عباس تین درجے ترقی پا کر 42ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بلے بازوں میں ڈیبیو کرنے والے حارث سہیل 76 اور 34 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیسٹ درجہ بندی میں براہ راست 71ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ شان مسعود چھ درجے ترقی پا کر 105ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

155 اور سات رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل 13 درجے ترقی کے بعد 20نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نروشن ڈکویلا نے پانچ اور دمتھ کرونارتنے نے 20 درجے ترقی پائی۔

ادھر جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ہاشم آملا ایک درجہ ترقی کے ساتھ ساتویں مبر پر آ گئے ہیں جبکہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے ڈین ایلگر کو چار درجے بہتری کے ساتھ 12ویں پوزیشن مل گئی ہے۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی دو اور ٹیمبا باووما تین درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 16ویں اور 36ویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز میں کگیسو ربادا ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں اور میچ میں سات وکٹیں لینے والے کیشپ مہاراج پانچ درجے ترقی پا کر کیریئر کی بہترین 18ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں