جنسی ہراساں کرنے کا اسکینڈل: ہولی وڈ فلم کی نمائش مؤخر

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2017
اب فلم کو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
اب فلم کو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ فلم پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف مختلف اداکاراؤں و دیگر خواتین کی جانب سے مبینہ ہراساں کیے جانے اور ریپ کے الزامات کے بعد جہاں ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، وہیں ان کی کمپنی کی جانب سے ریلیز کے لیے تیار فلم کی نمائش بھی مؤخر کردی۔

خیال رہے کہ ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 18 اداکاراؤں و خواتین کی جانب سے جنسی ہراساں، جب کہ 5 اداکاراؤں کی جانب سے ’ریپ‘ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

جنسی طورپر ہراساں کیے جانے اور ریپ الزامات کے بعد ہاروی وائنسٹن کی ’آسکر‘ اور ’بافٹا‘ ایوارڈز کمیٹیوں نے رکنیت بھی معطل کردی، جب کہ ان کے خلاف نیویارک اور لندن میں الگ الگ تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔

الزامات کے بعد جہاں ہاروی وائنسٹن کو اپنی ہی بنائی گئی کمپنی ’دی وائنسٹن کمپنی‘ نے نوکری سے برطرف کردیا تھا، اب اسی کمپنی نے اپنی فلم کی نمائش بھی مؤخر کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی تحقیقات کا آغاز

ہاروی وائنسٹن کی فلم کمپنی کی آنے والی تاریخی فلم ’دی کرنٹ وار‘ رواں برس 24 نومبر کو ریلیز ہونا تھی، تاہم اب اس کی نمائش مؤخر کردی گئی۔

ہاروی وائنسٹن پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ الزامات کے بعد کمپنی نے خسارے اور تنقید سے بچنے کے لیے فلم کی نمائش کو 2018 تک مؤخر کردیا، جب کہ کمپنی نے فلم کی ریلیز کے لیے نئی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا۔

کمپنی نے فلم کی نمائش کے لیے تاریخ اور مہینے کے بجائے سال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’دی کرنٹ وار‘ کو 2018 میں ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فلم ’دی کرنٹ وار‘ کی کہانی بجلی کا بلب بنانے والے امریکی موجد تھومس ایڈیسن اور بجلی کی ترسیل کا کاروبار کرنے والے جورجس ویسٹنگس کے درمیان تنازعات کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

فلم کی گزشتہ ماہ ستمبر میں کینیڈا میں ہونے والے ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں خصوصی نمائش کی گئی تھی، جب کہ گزشتہ ماہ ہی اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا۔

ہدایت کار ایلفونسو گومز کی اس فلم کی کاسٹ میں بینڈکٹ کمبربیچ، مائیکل شینن اور نکولس ہولٹ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

اس فلم کو ہاروی وائنسٹن کی کمپنی کے تحت دنیا بھر میں 24 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا، لیکن اب اسے 2018 میں ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں