جنسی ہراسگی اسکینڈل: ہاروی وائنسٹن کی ’آسکر‘ رکنیت معطل

15 اکتوبر 2017
ہاروی وائنسٹن کی فلمیں 81 بار آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی—فوٹو: اے ایف پی
ہاروی وائنسٹن کی فلمیں 81 بار آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی—فوٹو: اے ایف پی

فلمی دنیا کے سب سے اعلیٰ ایوارڈ ’آسکر‘ دینے والے ادارے نے ہولی وڈ کی متعدد اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں اور ریپ کا نشانہ بنانے والے پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی رکنیت معطل کردی۔

ہولی وڈ پروڈیوسر 65 سالہ ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 22 اداکاراؤں، ماڈلز و دیگر خواتین نے جنسی ہراسگی اور ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر الزامات سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ’آسکر‘ دینے والے ادارے ’دی اکیڈمی ایوارڈ آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس‘ نے ان کی رکنیت سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز نے ہاروی وائنسٹن کے خلاف 2 تہائی اکثریت سے ووٹ دیے، جس کے بعد اکیڈمی ایوارڈز نے ان کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق اکیڈمی ایوارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم صرف خود کو اس شخص سے الگ نہیں کر رہے جو اپنے ساتھیوں کی عزت نہیں کرتا، بلکہ ہم اس فیصلے کے ذریعے یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ ہماری انڈسٹری میں جنسی ہراسگی جیسے فعل کی کوئی گنجائش نہیں‘۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ اکیڈمی کے 54 اراکین میں سے ہاروی وائنسٹن کے خلاف مطلوبہ ممبران یعنی 2 تہائی نے فیصلہ سنایا۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کی ایشوریا رائے کو جنسی ہراساں کرنے کی کوشش ناکام

خیال رہے کہ اکیڈمی ایوارڈز کے اراکین میں ٹوم ہانکس اور ہوپی گولڈبرگ جیسی ہولی وڈ شخصیات بھی شامل ہیں۔

ہاروی وائنسٹن کی آج تک اکیڈمی ایوارڈ میں آسکر ایوارڈ کے لیے 300 فلمیں نامزد ہوئیں، جن میں سے 81 فلموں نے ایوارڈ وصول کیے۔

ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 18 خواتین نے جنسی ہراسگی جب کہ 5 نے ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد نیویارک اور لندن پولیس نے ان کے خلاف الگ الگ تحقیقات بھی کر رہی ہیں۔

اکیڈمی ایوارڈ سے قبل 14 اکتوبر کو ’دی برٹش فلم اکیڈمی‘ (بافٹا) نے بھی ہاروی وائنسٹن کی رکنیت ختم کردی تھی۔

ہاروی وائنسٹن کی متعدد فلمیں ماضی میں بافٹا ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں