پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کےایس ای 100 انڈیکس 565 پوائنٹس کے اضافے کے بعد مثبت رجحان کے ساتھ 41 ہزار 64 پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں دن کے آغاز میں کاروباری سرگرمی میں کمی دیکھی گئی تاہم دوسرے سیشن میں مارکیٹ میں سرگرمی بڑھی اور کاروبار 41 ہزار 115 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے افتتاحی سیشن میں 46 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 40 ہزار 435 پوائنٹس کی کم ترسطح پر آگیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق مارکیٹ میں دوسرے سیشن میں تیزی آئی جہاں تیل کی صنعت کے کاروبار میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ فنانشل اور سمینٹ کی صنعت سمیت تمام اہم سیکٹرز بہترین پوزیشن پر بند ہوگئے۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 55 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا اور ان کا حجم 6 ارب 80 کروڑ تھا۔

پی ایس ایکس میں 353 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 245 کے کاروبار میں اضافہ، 89 کو مندی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 19 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام رہا۔

مواصلات کی صنعت 2 کروڑ 56 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہی، انجینئرنگ سیکٹر 1 کروڑ 16 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ورلڈ ٹیلی کام 1 کروڑ 45 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست کمپنی تھی، پاک الیکٹرون ایک کروڑ 10 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 73 لاکھ حصص اور ایزگارد نائن 46 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

سرفہرست پانچ کاروباری کمپنیوں میں انٹر اسٹیل لمیٹڈ 46 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ شامل رہی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں