ٹوئٹ کریکٹر 140 سے بڑھا کر 280 کردیئے گئے

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2017
ٹوئٹ کریکٹر میں اضافے کی سہولت تمام صارفین کو فراہم کردی گئی ہے— فائل فوٹو
ٹوئٹ کریکٹر میں اضافے کی سہولت تمام صارفین کو فراہم کردی گئی ہے— فائل فوٹو

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے تمام صارفین کے لیے نئی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بلآخر ٹوئٹ کریکٹر کو 140 سے بڑھا کر 280 کردیا۔

انتظامیہ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹٹر نے رواں برس ستمبر میں ٹوئٹ کریکٹر کو بڑھانے کا آزمائشی تجربہ کیا جس کے تحت یہ سروس صرف چند لوگوں کو ہی مہیا کی گئی تھی۔

ٹوئٹر نے تبدیلی کا باضابطہ اعلان بذریعہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم صارفین کے لیے ٹویٹ کریکٹر کی حد بڑھا رہے ہیں جس کا مقصد بہتر اور اچھی سروس فراہم کرنا ہے۔

آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کو گزشتہ ایک ماہ سے 280 کریکٹر کے ٹوئٹ کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی تھی تاہم اس آزمائشی سروس کا باقاعدہ کوئی اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔

ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے ٹوئٹ کے لیے 280 کریکٹر کی اجازت باضابطہ طور پر دے دی گئی جس کے تحت اب انگریزی سمیت تمام زبانوں میں ٹوئٹ کیا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر کا صارفین کیلئے تحفہ

آزمائشی سروس کے دوران ٹوئٹر انتظامیہ نے اس تبدیلی کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جس میں دیگر زبانیں اور خاص طور پر صارفین کے ردعمل کو دیکھا گیا۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق انگریزی، اسپینش اور دیگر کے علاوہ اب جاپانی، کورین، چینی زبانوں میں بھی 280 کریکٹر کا ٹوئٹ کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب ٹوئٹر کی اس تبدیلی پر صارفین کا ملا جھلا ردعمل سامنے آیا، کسی نے اس نئے آغاز کو بہترین قرار دیا تو کچھ صارفین نے اس کو بلا ضرورت قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے ٹوئٹ ایڈیٹ (ترمیم) کرنے کی سہولت کا مطالبہ کردیا۔

صارف نے اس کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم 280 الفاظ استعمال کرتے ہوئے شکایت اور مکمل جملے لکھ سکیں گے۔

ایک اور صارف نے اس تبدیلی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے لکھا کہ میرے دماغ میں تو ٹوئٹ کے لیے 140 الفاظ ہی آتے ہیں۔

تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کی سروس دنیا بھر میں فراہم کی جارہی ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 33کروڑ سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کی دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ میں کریکٹر کی پابندی اس کی انفرادیت میں شمار کی جاتی ہے، پہلے صارفین کو کوئی بھی ٹوئٹ کرنے کے 140 کریکٹر کی اجازت تھی تاہم اب اس کو وسعت دے کر 280 کریکٹر تک پہنچا دیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں