بھارت اور سری لنکا میں طاقتور طوفان کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق طاقتور طوفان کے باعث کئی درخت اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

ڈیزاسٹر حکام کا کہنا تھا کہ طوفان سے بھارت میں 9 جبکہ اس کے پڑوسی ملک سری لنکا میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر ہلاکتیں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے باعث گرنے والے درختوں کے تلے دب کر ہوئیں۔

بھارتی وزیر دفاع نِرملا سیتھارمَن نے کہا کہ بپھرتے سمندروں کے جنوب مشرقی ساحل پر پھنسنے والی کشتیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے جنگی جہاز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان ’وردھا‘ بھارت سے ٹکراگیا، 7 افراد ہلاک

ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ گمشدہ کشتیوں میں عملے کے تقریباً 100 افراد سوار ہیں۔

طوفان ’اوکھی‘ کے باعث چلنے والی تیز ہواؤں اور بارشوں سے بھارت کا ساحلی شہر چنائی سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا۔

جنوبی ریاست کیرالہ کے ساحلی شہر کوچی میں موجود سیاحوں کو بھی ساھل سمندر سے دور رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

طوفان کے باعث کیرالہ اور تامل ناڈو میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا جبکہ بھارت کے محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹے میں طوفان کی شدت مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا:طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 200 سے متجاوز

واضح رہے کہ بھارت کے مشرقی ساحلی شہروں میں اپریل سے دسمبر کے دوران اکثر طوفان آتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔

سال 1999 میں مشرقی ریاست اڑیسہ میں آنے والے تباہ کن طوفان سے 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں