گزشتہ چند سال میں بولی وڈ میں سماجی مسائل پر بھی فلمیں بننا شروع ہوئی ہیں، اور اس حوالے سے ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ ایسی فلموں کی تشہیر کے لیے پوری فلم انڈسٹری ایک ہوجاتی ہے۔

اکشے کمار کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ کی طرح رواں برس ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پیڈ مین‘ بھی ایک سماجی مسئلے پر بنائی گئی ہے۔

’پیڈ مین‘ کی تشہیر کے لیے بھی بولی وڈ ستارے، سماجی کارکن اور بھارت کی اہم شخصیات میدان میں آگئیں، اور انہوں نے ہندوستانی خواتین میں حیض کے دوران پیڈز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کردی۔

خواتین میں پیڈز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی مہم کی شروعات بھی سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم نے اپنی ایک ٹوئیٹ سے کی۔

یہ وہی سماجی کارکن ہیں، جن کی زندگی و جدوجہد پر ’پیڈ مین‘ فلم بنائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹورسے تعلق رکھنے والے اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ کا پوسٹر جاری

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، اور اب ان کی اسی جدوجہد پر اکشے کمار کی فلم بنائی گئی ہے۔

فلم کو ویسے تو 25 جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا، مگر اکشے کمار نے فلم ’پدماوت‘ کی ٹیم کی درخواست پر اس کی نمائش مؤخر کردی تھی۔

اب فلم کی تشہیر اور بھارتی خواتین میں پیڈز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے اروناچلم مروگناتھم کی ٹوئیٹ کے بعد دیگر اداکاروں و عام افراد نے بھی خواتین کے پیڈز کے ساتھ اپنی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں ہیں۔

اروناچلم مروگناتھم نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’جی ہاں، ان کے ہاتھ میں خواتین کی جانب سے استعمال کیا جانے والا پیڈ ہے، اور اس میں کوئی بھی شرمندگی کی بات نہیں، یہ قدرتی ہے‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں اکشے کمار، سونم کپور، ٹوئنکل کھنہ اور دیگر افراد کو مینشن کرتے ہوئے سب کو کہا کہ وہ اس مہم میں حصہ لیں۔

ان کی ٹوئیٹ کے بعد ’پیڈ مین‘ کی پروڈیوسر واداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے پیڈ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اروناچلم مروگناتھم کا شکریہ ادا کیا۔

اکشے کمار نے بھی پیڈ کے ساتھ اپنی تصویر ٹوئیٹ کی۔

مزید پڑھیں: آخر اکشے کمار ’پیڈ مین‘ کیوں بنے؟

بولی وڈ پرفیکشنٹ عامر خان نے بھی پیڈ کے ساتھ اپنی تصویر ٹوئیٹ کی۔

فلم ’پیڈ مین‘ کی اداکارہ سونم کپور نے پیڈ کے ساتھ اپنی تصویر ٹوئیٹ کرکے مہم میں شریک ہوئیں۔

معروف کاروباری شخصیت ہرش گوئنکا نے بھی پیڈ کے ساتھ اپنی تصویر ٹوئیٹ کی۔

نوجوان اداکار ایوشمن کھرانہ نے بھی مہم میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ یوسف زئی ’پیڈ مین‘ کے سپورٹ میں سرگرم

بولی وڈ ستاروں کے علاوہ عام افراد نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

عمران Feb 04, 2018 05:32am
وہ جو دکھا رہے ہیں دیکھانے دو ہم کیوں پالگل ہو رہے ہیں ، ان کے ملک میں ٹوائلٹ نہیں اسکا مطلب یہ نہیں کہ ہم ٹوائلٹ سے سب کی تصویریں انکو دکھانا شروع کر دیں۔