پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست دے کر لگاتار چوتھی شکست لاہور قلندرز کا مقدر بنا دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پارٹ ٹائم اسپنر فخر زمان نے میچ کی دوسری ہی گیند پر لیوک رونچی کو آؤٹ کر کے اسلام آباد کو بڑا نقصان پہنچایا۔

لاہور قلندرز کی پنی تلی باؤلنگ کے سبب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اننگز میں کسی بھی مرحلے پر کھیلنے میں ناکام رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔

اختتامی اوورز میں آندرے رسل اور حسین طلعت نے چند جارحانہ شاٹس کھیل ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز ہی بنا سکی۔

اسلام آباد کی جانب سے جین پال ڈومینی 34 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ حسین طلعت نے 21 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی، رسل نے 15 اور آصف علی نے 16 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ سہیل خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، سنیل نارائن نے عمدہ نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز کے کوٹے میں صرف 10 رنز دیے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا، عمر اکمل کو اوپنر بھیجنے کا تجربہ ناکامی سے دوچار ہوا اور وہ صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ اگلی ہی گیند پر سمیت پٹیل نے فخر زمان کو بھی چلتا کر دیا۔

اس کے بعد کپتان برینڈن میک کولم کا ساتھ دینے آغا سلمان آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 73 رنز جوڑ کر بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا خصوصاً آغا سلمان کا انداز جارحانہ تھا جنہوں نے 35 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

اس موقع پر لاہور قلندرز کی ٹیم کی واضح طور پر فتح نظر آ رہی تھی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار انداز میں واپسی کرتے لاہور قلندرز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

آغا سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی وکٹیں بتدریج گرنا شروع ہو گئیں اور میک کولم دوسرے اینڈ پر کھڑے ہو کر کھلاڑیوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کا تماشا دیکھتے رہے۔

دنیش رامدین اور سہیل اختر چار، چار، سنیل نارائن 9، سہیل خان صفر اور یاسر شاہ صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو قلندرز آٹھ وکٹوں سے محروم ہو چکے تھے۔

یاسر شاہ پویلین لوٹے تو آخری اوور میں لاہور قلندرز کو سات رنز درکار تھے اور ان کی تمام تر امیدیں کپتان میک کولم سے وابستہ تھیں لیکن یونائیٹڈ کی شاندار فیلڈنگ نے ان کی اننگز کا رن آؤٹ کے ذریعے اختتام کردیا۔

اسلام آباد کی ٹیم میچ میں پہلی مرتبہ فیورٹ نظر آنے لگی لیکن سلمان ارشاد نے سمیر کو چھکا لگا کر اسکور برابر کردیا لیکن اگلی ہی گیند پر سمیع کی باؤنسر نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور یوں میچ ٹائی ہو گیا جس کے بعد سپر اوور پر میچ کا فیصلہ کیا گیا۔

سپر اوور

پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے سپر اوور کی پہلی گیند پر میک کولم نے سمیع کو چھکا رسید کیا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ دوبارہ وہی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔

اگلے بلے باز عمر اکمل پہلی گیند کھیلنے میں ناکام رہے لیکن اوور کی چوتھی گیند ان کے بلے باز باہری کناہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے اوپر سے باؤنڈری پار کر گئی اور چھ رنز قرار پائے۔

اوور کی پانچویں گیند پر عمر اکمل نے سنگل لیا جس کے بعد آخری گیند پر فخر نے دو رنز بنا کر سپر اوور میں ٹیم کا اسکور 15 تک پہنچا دیا اور اسلام آباد کو فتح کیلئے 16 رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل اور آصف علی بیٹنگ کے آغاز کیلئے میدان میں آئے اور پہلی گیند پر رسل نے سنگل لے لیا۔ اگلی گیند پر میک کولم نے باؤنڈری پر آصف علی کا کیچ ڈراپ کیا اور گیند باؤنڈری سے باہر چلی گئی۔

اگلی گیند پر پر آصف کوئی رن نہ لے سکے لیکن چوتھی گیند پر آصف سنگل رن لینے میں کامیاب رہے۔

مستفیض الرحمان نے دباؤ میں آ کر اوور کی پانچویں گیند وائڈ کر دی اور اگلی ہی گیند پر انہیں چوکا پڑ گیا۔

میچ کی آخری گیند پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کیلئے تین رنز درکار تھے اور آندرے رسل نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں فتح سے ہمکنار کرا کر لگاتار چوتھی شکست لاہور قلندرز کا مقدر بنا دی۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز چار مرتبہ مدمقابل آئی ہیں اور دونوں ٹیموں نے دو، دو میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے دونوں میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دی لیکن اگلے ہی ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دونوں میچ جیت کر حساب بے باق کردیا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں