بغیر سر کے زندہ مینڈک نے سب کو کردیا حیران

06 مارچ 2018
— فوٹو بشکریہ جل فلیمنگ ٹوئٹر اکاؤنٹ
— فوٹو بشکریہ جل فلیمنگ ٹوئٹر اکاؤنٹ

کیا کوئی جاندار سر کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے ؟ سننے میں تو ناممکن ہے مگر قدرت کے کرشموں سے انکار بھی ممکن نہیں اور ایسا ہی کچھ امریکا میں دیکھنے میں آیا، جس نے سائنسدانوں کو بھی دنگ کردیا۔

کنیکٹیکٹ کے جنگل میں ایک بغیر سر کے مینڈک کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو زندہ اور چل پھر رہا تھا۔

اس مینڈک کا جسم اور ٹانگیں صحت مند تھیں مگر چہرے کی جگہ ایک سوراخ سے وہاں موجود تھا۔

مزید پڑھیں : دنیا کے سب سے عجیب و غریب جانور

آنکھیں، ناک، جبڑے اور زبان نہ ہونے کے باوجود یہ مینڈک زندہ کیسے ہے یہ سائنسدان اب تک جان نہیں سکے ہیں۔

سائنسدانوں نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر تبادلہ خیال بھی کیا مگر انہیں بھی اندازہ نہیں کہ یہ جاندار اپنے سر سے محروم کیسے ہوا۔

ٰخیال کیا جارہا ہے کہ اس کا چہرہ چوہوں نے کھالیا یا وہ گوشت کھانے والی مکھیوں کا شکار بنا۔

یہ مینڈک میساچوسٹس یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے دریافت کیا تھا اور اس کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کرکے سائنسدانوں کو اپنا خیال ظاہر کرنے کی دعوت دی۔

اس پوسٹ نے سائنسدانوں اور عام صارفین کی توجہ حاصل کرلی اور مینڈک کی فوٹیج میں اسے جنگل میں چلتے ہوئے دکھایا گیا۔

لائیو سائنس سے بات کرتے ہوئے طالبہ نے بتایا کہ اسے نہیں لگتا کہ اس جاندار کا سر نہ ہونا جنیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق غذا کے لیے مینڈک کا منہ نہیں مگر پھر بھی اس کا جسم صحت مند تھا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ حال ہی میں سر سے محروم ہوا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کوئی جانور بغیر سر یا دماغ کے بھی زندہ رہنے میں کامیاب رہا۔

1945 میں کولوراڈو میں ایک ایسا مرغا سامنے آیا تھا جس کا سر کٹ گیا تھا مگر پھر بھی وہ طویل عرصے تک زندہ رہا۔

یہ بھی پڑھیں : سر کٹا مرغا 18 ماہ تک کیسے زندہ رہا؟

یہ مرغا سر کٹنے کے بعد ڈیڑھ سال تک زندہ رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں