عرفان خان کی بیماری کے باعث دپیکا کا گینگسٹر بننا مؤخر

دونوں پہلے پیکو میں بھی کام کرچکے—اسکرین شاٹ
دونوں پہلے پیکو میں بھی کام کرچکے—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان کے’نیورواینڈوکرائن ٹیومر‘ نامی بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کا گینگسٹر بننا بھی مؤخرہوگیا۔

دپیکا پڈوکون جلد ہی اسکرین پر پہلی بار گینگسٹر خاتون کے روپ میں نظر آنے والی تھیں، جس کے لیے فلم میں عرفان خان ان کی مدد کرتے۔

تاہم اب عرفان خان کے بیمار ہونے کے بعد فی الحال فلم کی شوٹنگ کو مؤخر کردیا گیا، جس وجہ سے اب ’پدماوت‘ فوری طور پر ہتھیار چلاتی نظر نہیں آئیں گی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 5 مارچ کو عرفان خان نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے، تاہم انہیں کیا بیماری ہوگئی ہے، اس کا پتہ لگنا ابھی باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان کو خطرناک مرض لاحق ہوگیا

تین دن قبل ہی عرفان خان نے ٹوئٹر کے ذریعے ہی اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں ’نیورو اینڈوکرائن ٹیومر‘ نامی مرض لاحق ہوگیا ہے۔

تاہم عرفان خان نے یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ ان کا مرض کس سطح کا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز کا کہن اہے کہ عرفان خان کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑے گا، ان کا علاج کتنا طویل ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

عرفان خان کی بیماری کے بعد ان کی فلم ’سپنا دی دی‘ کی شوٹنگ مؤخر کردی گئی، اس فلم میں وہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ گینگسٹر کے روپ میں نظر آنے والے تھے۔

’سپنا دی دی‘ کے فلم ڈائریکٹر وشال بھردواج نے ٹوئیٹ کے ذریعے فلم کی شوٹنگ مؤخر کرنے کا بتایا۔

مزید پڑھیں: عرفان خان میں 'خطرناک بیماری' کی تشخیص ہوگئی

وشال بھردواج کا کہنا تھا کہ انہوں نے دپیکا پڈوکون اور فلم پروڈکشن ہاؤس کری ارج انٹرٹینمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک عرفان خان مکمل صحت یاب ہوکر واپس نہیں آتے تب تک فلم کی شوٹنگ مؤخر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عرفان خان بیماری سے جنگ میں فتح حاصل کرنے کے بعد لوٹیں گے، فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا پڈوکون گینگسٹر بن کر انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو قتل کریں گی
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ ’سپنا دی دی‘ کی کہانی معروف انویسٹیگیٹو بھارتی صحافی ایس حسین زیدی کی تحقیقاتی کتاب ’ ممبئی کی کوئین مافیا‘ سے لیا گیا ہے۔

ایس حسین زیدی کی یہ کتاب تحقیقاتی رپورٹس پرمبنی ہے، جومختلف بھارتی اخبارات میں بھی شائع ہوچکی ہیں۔

فلم کی کہانی ’سپنا دی دی‘ (دپیکا پڈوکون) نامی گینگسٹر کے گرد گھومتی ہے، جو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان کا خواب پورا کرنے کے لیے عرفان خان ان کی مدد کرتے ہیں۔

دپیکا پڈوکون ہولی وڈ فلم 'ٹرپل ایکس دی جینڈر کیج میں ایکشن میں نظر آئیں تھیں—اسکرین شاٹ
دپیکا پڈوکون ہولی وڈ فلم 'ٹرپل ایکس دی جینڈر کیج میں ایکشن میں نظر آئیں تھیں—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں