جس طرح 2 سال قبل اکشے کمار کی پہلی فلم ’دوار پال‘ کے پروڈیوسر روی شری واستیو نے بیماری اور غربت کے باعث کھلاڑی ہیرو سے مالی مدد کی التجا کی تھی۔

اسی طرح اب بولی وڈ سلطان سلمان خان سے بھی اپنی ساتھی اداکارہ نے بیماری کی حالت میں مدد کی التجا کی ہے۔

سلمان خان سے اپنی پرانی فلم ’ویرگاتی‘ کی ساتھی اداکارہ پوجا ڈڈوال نے مالی مدد کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ سلمان خان کی فلم ’ویرگاتی‘ 1995 میں ریلیز ہوئی تھی، ایکشن تھرلر فلم میں سلمان خان اور دیوتا دتا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جب کہ اسی فلم میں پوجا ڈڈوال اور اتن اگنی ہوتری بھی اہم کرداروں میں نظر آئے تھے۔

اسی فلم میں کام کرنے والی پوجا ڈڈوال نے اگرچہ کئی سال پہلے ہی اداکاری کو خیر باد کہ دیا تھا، تاہم انہوں نے ’ویرگاتی‘ کے علاوہ ’انتقام، ہندوستان اور دبدبا‘ نامی فلموں میں بھی کام کیا۔

فلم نگری سے کئی سال تک غائب رہنے والی پوجا ڈڈوال کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہیں، جن کہ ان کی مالی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نوبھارت ٹائمز‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ پوجا ڈڈوال گزشتہ 15 روز سے ممبئی کے شودی ہسپتال میں داخل ہیں اور انہیں ٹی بی سمیت پھیپھڑوں کا مرض لاحق ہے۔

—فوٹو: نوبھارت ٹائمز
—فوٹو: نوبھارت ٹائمز

نشریاتی ادارے کے مطابق مالی تنگدستی کی زندگی گزارنے والی پوجا ڈڈوال نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سلمان خان سے مدد کی التجا کے لیے رابطے کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم ان کا اداکار سے رابطہ نہیں ہوپایا۔

پوجا ڈڈوال کا کہنا تھا کہ انہوں نے ساتھی اداکار سے مالی مدد کی التجا کے لیے اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں انہوں نے سلمان خان سے مدد کی درخواست کی۔

ماضی کی اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیماری اور غربت کی وجہ سے شوہر نے بھی انہیں چھوڑ دیا۔

پوجا ڈڈا کے مطابق وہ ریاست گوا میں کئی سال سے کافی بار میں ملازمت کر کے اپنی زندگی گزار رہی تھیں، تاہم 6 ماہ قبل ہی انہیں پتہ چلا کہ وہ ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہیں۔

پوجا ڈڈا کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ معاشی طور پر اتنی کمزور ہوچکی تھیں کہ وہ چائے کا کپ پینے کے لیے بھی دوسروں کی محتاج تھیں۔

ادھر خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے ٹوئٹر اور فیس بک پر سلمان خان کو پوجا ڈڈا کی مدد کرنے کے لیے درخواستیں کرنا شروع کردی ہیں۔

تاہم تاحال سلمان خان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا، ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اداکار کو اپنی ساتھی اداکارہ کی بیماری کا پتہ چلا بھی ہے یا نہیں۔

امید کی جا رہی ہے کہ پتہ لگنے کے بعد سلمان خان پوجا ڈڈا کی مالی مدد کریں گے۔

—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

واضح رہے کہ 2 سال قبل اکشے کمار کی پہلی فلم کے پروڈیوسر نے بھی بیماری اور مالی تنگ دستی کے باعث کھلاڑی ہیرو کو ٹوئٹر پر مالی درخواست کی مدد کی تھی۔

اکشے کمار نے اپنی پہلی فلم کے پروڈیوسر روی شری واستیو کی بیماری کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی ٹیم کو فوری طور پر ان کی مکمل مالی مدد کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اداکار نے اپنی ٹیم کو پہلی فلم کے پروڈیوسر کو گردے کے ٹرانسپلانٹ کے لیے تمام پیسے یعنی 15 سے 17 لاکھ روپے فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ساتھ ہی اکشے کمار نے اپنی پہلی فلم کے پروڈیوسر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں چانس دینے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں