وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا اور جوڈیشل مارشل لاء یا کوئی اور مارشل لاء نہیں آئے گا۔

لاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی سی سی وی کیبل پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ جو کام کرتا ہے اسے عدالتوں میں کھڑا کیا جاتا جبکہ کام نہ کرنے والوں کو عزت دی جاتی اور انعامات سے نوازا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کو عزت دینے کی ضرورت ہے جنہوں نے ملک کے لیے کام کیا اور جب 2013 میں ہماری حکومت آئی تو ان مسائل کا سامنا تھا جو 15 سال میں پیدا کیے گئے لیکن مشکل حالات کے باجود 5 سالوں میں (ن) لیگ کی حکومت نے جو کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا اور محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی کام کیے اور اب آئندہ انتخابات میں فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں حکومت کا انتخاب کرنا عوام کے ہاتھ میں ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ جو بھی حکومت آئے گی وہ یہی پالیسی برقرار رکھے گی اور ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایسا ایجنڈا تیار کیا جائے، جس سے پالیسیوں میں استحکام پیدا ہو۔

حکومت کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 5 سالوں میں 10 ہزار 400 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا اور ہم نے ایسے منصوبے شروع کردیے ہیں جو آئندہ 15 برسوں تک پاکستان میں بجلی کی کمی نہیں ہونیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صرف آج کے مسائل حل نہیں کرتی بلکہ مستقبل کے لیے بھی کام کرتی ہے اور جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو بہت چیلنجز کا سامنا تھا لیکن نواز شریف کے تصور نے ان کا مقابلہ کیا اور ملک میں منصوبے مکمل کیے۔

ایوان بالا میں سینیٹروں کے ایمان کو خریدا گیا، شاہد خاقان عباسی

علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ننکانہ صاحب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے پیسے دے کر سینیٹروں کے ایمان کو خریدا گیا، جس کی وجہ سے آج صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ایسے ملک کی عزت دنیا میں ہوسکتی ہے جہاں سینیٹ انتخابات میں ایسا ہو، لہٰذا ہمیں اس بے عزتی سے بچنا چاہیے اور ایسا متفقہ چیئرمین سینیٹ لانا چاہیے کہ ایوان بالا کی عزت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے ملک کی خدمت کا فیصلہ کیا تھا اور ہم ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور اس ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی کارکردگی پر کھڑے ہیں، اقتدار کی طلب رکھنے والے نہ تو عوام کی خدمت کرتے ہیں اور نہ ہی ملک کی۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کو ناکامی ہوگی، شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے خلوص نیت کے ساتھ ملکی مسائل حل کرنے کی کوشش کی اگر دھرنے نہ دیے جاتے تو پاکستان مزید ترقی کرتا۔

انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست مسلم لیگ (ن) نے کی اور عدالتی فیصلوں کو بھی قبول کیا، اب عوام کے ہاتھ میں ہے کہ انہیں کارکردگی والے لوگ چاہیے یا وہ غیر شائستہ گفتگو والے لوگوں کو چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی صرف جمہوریت اور عوام کے ووٹ سے ہوگی اور مسائل کے باوجود مسلم لیگ (ن) نےثابت کردیا کہ عوام کی خدمت کو نہیں روکاجاسکتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات کے باوجود 5 سال میں بہترین کارکردگی دکھائی، جس کے بدولت آج ملک کے کارخانوں کو بلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی جاری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں