فیس بک نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ اینڈرائیڈ صارفین کے فونز میں کال اور ٹیکسٹ ہسٹری کو بغیر اجازت اپنے پاس محفوظ کرتی ہے۔

دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی وی سائٹ کے مطابق 'ایسا صرف صارف کی مرضی سے ہوتا ہے'۔

اور ایک بار جب کوئی صارف اجازت دے دیتا ہے تو فیس بک بھیجے جانے والے یا موصول ہونے والے پیغامات یا کالز کو دیکھ سکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

فیس بک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ' آپ نے حالیہ دنوں میں یہ رپورٹس دیکھی ہوں گی کہ فیس بک لوگوں کے کال اور ایس ایم ایس ہسٹری تک بغیر اجازت رسائی حاصل کرتی ہے، ایسا بالکل نہیں، درحقیقت لوگ خوشی سے اس فیچر کو استعمال کرتے ہیں'۔

مزید پڑھیں : فیس بک اینڈرائیڈ صارفین کا کال ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مصروف

خیال رہے کہ گزشتہ روز رپورٹ سامنے آئی تھی کہ یہ سوشل میڈیا نیٹ ورک اینڈرائیڈ فورنز پر صارف کے تفصیلی فون ریکارڈز کا ڈیٹا جمع کرتا ہے۔

ایسا صرف اینڈرائیڈ صارفین کے ساتھ ہوتا ہے اور وہ بھی اس وقت جب ان کی جانب سے فیس بک کو اجازت دے دی جاتی ہے، تاہم اکثر افراد کو اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ وہ کمپنی کو کہاں تک رسائی دے رہے ہیں۔

ایک ڈویلپر سائٹ arstechnica کی جانب سے تحقیقات کرکے اینڈرائیڈ فونز اور فیس بک ڈیٹا کے درمیان تعلق انکشاف کیا۔

جب صارف کی جانب سے رسائی دی جاتی ہے تو فیس بک صارفین کے اینڈرائیڈ فون کے کانٹیکٹ ڈیٹا کو دوستوں کی تلاش میں مدد دینے والے فیچر کے لیے استعمال کرنے لگتی ہے۔

فیس بک کی میسنجر ایپ تو اس سے بھی آگے نکل جاتی ہے جو کہ صارف سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کال اور ٹیکسٹ میسج لاگز تک رسائی مانگتی ہے، تاہم یہ بھی ذاتی ڈیٹا تک رسائی کا واحد ذریعہ نہیں۔

یہ بھی دیکھیں : مارک زکربرگ ایک ہفتے میں 10 ارب ڈالرز سے محروم

تحقیقات کے دوران دریافت کیا گیا کہ اینڈرائیڈ جیلی بین (ورڑن 4.1) سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم میں فیس بک ایپ کو فون کانٹیکٹس تک رسائی کے ساتھ کال اور ٹیکسٹ لاگز تک بھی رسائی دی جاتی ہے۔

اس کے بعد سامنے آنے والے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس میں اس اجازت کو ختم کردیا گیا مگر اس ان اینڈرائیڈ ایپس کو اثر نہیں پڑا جن میں صارفین پرمیشن دے چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کے بانی معافی مانگنے پر مجبور

آسان الفاظ میں اگر آپ طویل عرصے سے اینڈرائیڈ صارف ہیں تو آپ نے اپنے کسی پرانے اسمارٹ فون جو کہ اینڈرائیڈ 4.1 سے پہلے کا ہو، میں فیس بک کو کانٹیکٹس تک رسائی کی اجازت دے رکھی ہوگی۔

فیس بک کے مطابق کال اور ٹیکسٹ ہسٹری لوگوں کے اپنا آپشن ہے جو وہ میسنجر پر استعمال کرتے ہیں، اگرچہ اینڈرائیڈ پر ہم مخصوص اجازت حاصل کرتے ہیں مگر اس معلومات کو اپ لوڈ کرنا آپشنل ہوتا ہے۔

اس کا مزید کہنا تھا کہ اس فیچر کے ذریعے کالز یا ٹیکسٹ مواد حاصل نہیں کیا جاتا اور نہ ہی معلومات تھرڈ پارٹیز کو فروخت کی جاتی ہیں۔

فیس بک کو اس وقت برطانوی کمپنی کیمرج اینالیٹکا اسکینڈل کے بعد سے مشکل کا سامنا ہے، جس میں حالیہ انکشاف کے بعد مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈیٹا کو جمع ہونے سے کیسے روکیں؟

اینڈرائیڈ صارفین میسنجر میں اپنی پروفائل فوٹو پر کلک کریں اور پھر نیچے People کے آپشن پر ٹیپ کریں اور اس میں جاکر Sync Contacts کو آف کردیں۔

تبصرے (0) بند ہیں