پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 نئے پاکستان اور تبدیلی کا سال ہے۔

راولپنڈی میں رکن سازی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمران بڑے منصوبے کرپشن کے لیے بنا رہے ہیں۔

ملک میں تعلیم کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے اس وقت اسکول سے باہر ہیں لیکن حکمران طبقہ پیسے چرا کر باہر لے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنڈی کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کامسئلہ ہے حالانکہ میٹرو پر خرچ کیا گیا پیسہ صحت، تعلیم اور صاف پانی پر لگایا جاسکتا تھا اور شہر کو بدل سکتے ہیں مگر ایسا نہیں ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ حکمران علاج کے لیے ملک سے باہرجاتے ہیں،غریب عوام کہاں جائیں، نوازشریف اور آصف زرداری نےعوام کوقرضوں میں دھکیل دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف پر ایک مرتبہ پھر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 29 اپریل کو بتاؤں گا کہ نوازشریف کو کیوں نکالا۔

عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حنیف عباسی تمھاری باری بھی آنے والی ہے اور شریف برادران، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور سب کی کرپشن سامنے لائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں