کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں چرچ کے قریب پیش آنے والے واقعے میں عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے 2 افراد جاں بحق اور کم از کم 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ صوبائی دارالحکومت کے علاقے عیسیٰ نگری میں پیش آیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کوئٹہ کے شاہ زمان روڈ میں رکشے میں سوار عیسائی برادری کے چار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ: چرچ میں خودکش دھماکا، خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق

نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب سے تھا جو رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے کوئٹہ آئے تھے۔

دسمبر 2017 میں کرسمس کی تقریبات کے دوران کوئٹہ کے زرغون روڑ میں واقع بیتھل میموریل میتھوڈسٹ چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے چرچ میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ کی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 4 دہشت گردوں نے چرچ پر حملہ کیا تھا، جن میں سے ایک کو سیکیورٹی اہلکاروں نے چرچ کے دروازے پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دوسرے مسلح دہشت گرد نے خود کو چرچ کے دروازے پر دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ دیگر دو حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں پولیس سمیت سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جبکہ شہری بھی دہشت گردی سے متاثر ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

aijaz Apr 16, 2018 12:59am
darindagi ka hamla phir se shuru ho gaya or kab khatam ho ga. Khuda behter janta hai.