بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ کے اوائل میں لاپتہ ہونے والے ایک فوجی اہلکار ادریس میر نے بھارت مخالف تنظیم حزب المجاہدین میں شمولیت کر لی ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی ویب سائٹ کی رپورٹ کلے مطابق پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ادریس میر بھارتی فوج کی جموں وکشمیر لائٹ انفنٹری یونٹ کا حصہ تھے تاہم وہ دو دن قبل حزب المجاہدین میں شامل ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادریس میر مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں سے لاپتہ ہوگئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق انھوں نے مقامی دو ساتھیوں کے ہمرا تنظیم میں شمولیت کی ہے جو ان کے ساتھ چند دنوں سے لاپتہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 نوجوان جاں بحق

دوسری جانب بھارتی فوج کا موقف ہے کہ ادریس میر بدستور لاپتہ ہیں اور حزب المجاہدین میں شمولیت کی بھی تصدیق نہیں کی گئی۔

پولیس کے مطابق ادریس میر کو بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ بھیجا گیا تھا اور وہ اس فیصلے سے ناخوش تھے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ کے اوائل میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی لائی گئی تھی جہاں ایک ہی دن میں 20 کے قریب کشمیریوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں ہی سب سے زیادہ کارروائیاں کی گئی تھیں جہاں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد شدید احتجاج کیا گیا اور جاں بحق نوجوانوں کی نماز جنازے کے دوران فائرنگ سے مزید کئی نوجوان اور شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں