ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد کو مختصر دورانیے کے لیے باؤلنگ کوچ مقرر کردیا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی ذمے داراں انجام دیتے رہیں گے۔

مشتاق احمد اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے انہیں ویسٹ انڈین ٹیم کی کوچنگ کے ساتھ ساتھ این سی اے کا عہدہ بھی رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن مشتاق احمد کا شمار ان پاکستانی کوچز میں ہوتا ہے جن کی بیرون ملک کافی مانگ ہے اور اس سے قبل کراچی کنگز کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز دہلی، انگلش کاؤنٹی سرے سمیت متعدد ٹیموں کے ساتھ ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔

تاہم بحیثیت کوچ مشتاق کے کیریئر کا سنہری دور انگلش ٹیم کی کوچنگ تھی جہاں وہ 6سال تک باؤلنگ کوچ رہے اور اس دوران انگلینڈ نے ورلڈ ٹی20، متعدد ایشز سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ تینوں فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کی۔

مشتاق احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہے اور دنیائے کرکٹ میں ان کی تاریخ کلاس، عزم اور بھرپور غلبے سے بھرپور ہے۔ دنیا کے اس خطے میں غیرمعمولی ٹیلنٹ ہے اور میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم کی کوچنگ مشتاق کی این سی اے میں نوکری پر اثرانداز نہیں، ان کے معاہدے کی تجدید کر دی گئی تھی اور ویسٹ انڈیز سے واپس آ کر وہ اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں دوبارہ سنبھال لیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں