ایپل کے آئی فونز وہ اسمارت فونز ہیں جس کے ہارڈوئیر اور ڈیزائن وغیرہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں کاپی کیے جاتے ہیں اور لگ بھگ سب کچھ ہی چرا لیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال ایپل کے آئی فون ایکس (10) کا ڈیزائن اب تک متعدد اینڈرائیڈ فونز میں استعمال کیا جاچکا ہے اور اور ابھی تو متعدد ایسے فونز سامنے آنا باقی ہیں۔

لگ بھگ ہر اینڈرائیڈ فون تیار کرنے والی کمپنی اس وقت آئی فون ایکس کے نوچ ڈیزائن کو کاپی کررہی ہے ، مگر ایک کمپنی ہے جو اب تک اس ٹرینڈ کا حصہ نہیں بنی اور وہ ہے سام سنگ۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کا ایسا اسمارٹ فون پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا

جی ہاں سام سنگ وہ کمپنی ہے جس پر ماضی میں متعددبار ایپل کے ڈیزائن چرانے کا الزام عائد کیا گیا بلکہ عدالتوں میں ثابت بھی ہوا جس کے عوض وہ کروڑوں ڈالرز ایپل کو ادا بھی کرچکی ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر سام سنگ نے ایک کتاب بھی تحریر کررکھی ہے کہ ایپل کے آئی فون کے ڈیزائن کو کس طرح چرانا چاہئے۔

تاہم جنوبی کورین کمپنی نے اب تک آئی فون ایکس کے نوچ ڈسپلے جیسا کوئی فون متعارف نہیں کرایا مگر اس کے ایک جلد متعارف کرائے جانے والے فون میں اس کا بیک ڈیزائن ضرور کاپی کیا جارہا ہے۔

نیچے تصویر میں سام سنگ کے وہ فون دیکھے جاسکتے ہیں جو آچکے ہیں یا آنے والے ہیں۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

اگر آپ ان تمام فونز کے بیک پر غور کریں تو ایک چیز یکساں نظر آئے گی اور وہ ہے کیمرہ پوزیشن جو کہ ڈیوائس کے درمیان میں ہوتا ہے، یا یوں کہہ لیں کہ سام سنگ کا مخصوص انداز ہے۔

ایپل کے فون کا بیک ڈیزائن کچھ اس طرح کا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایپل
فوٹو بشکریہ ایپل

اور اب آپ اس فون کی لیک تصویر دیکھیں جو بالکل آئی فون کے بیک ڈیزائن جیسا ہے۔

فوٹو بشکریہ ویبو
فوٹو بشکریہ ویبو

سام سنگ کے گلیکسی اے نائن اسٹار نامی فون کی یہ تصویر چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر لیک ہوکر سامنے آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا سب سے 'بہترین' فلیگ شپ فون

اس کا فرنٹ تو کمپنی کے دیگر فونز جیسا ہی ہے مگر اس کا بیک لگ بھگ ایپل کے آئی فون ایکس جیسا ہے۔

اب تک سام سنگ کی جانب سے کیمرے کو سینٹر میں رکھا جارہا تھا مگر اچانک اسے بائیں جانب کے اوپری کونے میں دے دیا گیا جو کہ کافی حیران کن ہے۔

اس فون کی مزید لیک فوٹوز دیکھیں۔

فوٹو بشکریہ ویبو
فوٹو بشکریہ ویبو

فوٹو بشکریہ ویبو
فوٹو بشکریہ ویبو

سام سنگ کے یہ فون گلیکسی اے نائن اسٹار اور گلیکسی اے نائن اسٹار لائٹ آئندہ چند ہفتوں میں چین میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور امریکا میں اسے ممکنہ طور پر پیش نہیں کیا جائے گا۔

اور اس کی وجہ بھی واضح ہے کیونکہ حال ہی میں ایک امریکی عدالت نے آئی فون کے ڈیزائن چوری کرنے پر سام سنگ کو ایپل کو 50 کروڑ ڈالرز سے زائد ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں