انڈے ناشتے میں اکثر افراد کی پسند ہوتے ہیں اور یہ صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند غذا بھی ہے۔

درحقیقت اسے تو انسانی صحت کے لیے سپرفوڈ کا درجہ دیا گیا ہے اور صرف ایک انڈہ کھانا بھی فائدہ پہنچانے کے لیے کافی ہے۔

مگر ایک سوال ہے کہ کیا گرم موسم میں انڈے کھانا نقصان تو نہیں پہنچاتا؟ یا آسان الفاظ میں کیا گرمیوں میں انڈوں کو کھانا چاہئے یا نہیں؟

ویسے یہ تصور پاکستان میں کافی عام ہے کہ انڈے گرم موسم میں نہیں کھانے چاہئے کیونکہ اس سے نقصان ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : روزانہ 2 انڈے کھانے سے کیا ہوتا ہے؟

تاہم طبی ماہرین کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ خیال غلط ہے اور انڈے کسی بھی موسم میں نقصان دہ نہیں ہوتے، بس اعتدال میں رہ کر استعمال ضروری ہوتا ہے۔

یہ غذا جسم کو اہم اور مختلف وٹامنز اور دیگر اجزاءفرام کرتی ہے جبکہ جسمانی توانائی دیر تک برقرار رکھنے میں بھی مددگار ہے۔

تاہم زیادہ مقدار میں انڈے کھانا جسمانی درجہ ھرارت بڑھانے اور بدہضمی کا باعث بن سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دن بھر میں 2 انڈے صحت کے لیے فائدے مند ہیں، خصوصاً گرم موسم میں 2 سے زیادہ انڈے روزانہ کھانا جسمانی درجہ حرارت بڑھا کر آنتوں کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈے وٹامن اے اور ڈی سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہیں، اسی طرح دیگر اجزا جیسے کیلشیئم، فاسفورس، زنک، آئیوڈین، فیٹی ایسڈز اور آئرن بھی جسم کو ملتے ہیں، جو کہ خون کے سرخ خلیات کی مقدار بڑھانے کے لیے ضروری عنصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈوں کی زردی کی رنگت کیا بتاتی ہے؟

اسی طرح یہ بے وقت بھوک کی خواہش پر قابو پانے میں مدد دینے، تھکاوٹ سے بچانے، کمزوری دور کرنے اور جسمانی دفاعی نظام مضبوط کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں