سوات: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے سے متعلق کہا کہ میری 22 سالہ جدوجہد کے باعث آج ایک طاقتور کو سزا ہوئی ہے۔

ان چوروں کی وجہ سے پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے۔ میں اللہ کا شکر گزار ہوں میں نے جو 22 سال پہلے جو جدوجہد کی تھی اس کی وجہ سے پہلی دفعہ ایک طاقتور کو انصاف کے نظام نے سزا سنائی ہے، پہلے صرف کمزور اور غریب لوگ جیل میں جاتے تھے۔ طاقتور لوگوں کو پاکستان کے ادارے نہیں پکڑ سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج رات کو سارے پاکستانیوں کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، نفل پڑھنا چاہیے، یہ ہمارے نئے پاکستان کی شروعات ہے، ہمارے نئے پاکستان میں بڑے بڑے ڈاکو اسمبلیوں میں نہیں جائیں گے، بڑے بڑے ڈاکو اب جیلوں میں جائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ضیا الحق کے زمانے میں نواز شریف اور اس کے چھوٹے بھائی نے کرپشن شروع کی، ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاست میں پیسہ استعمال کیا گیا، سیاستدانوں کو خریدا گیا، ان دونوں بھائیوں نے پاکستان میں کرپشن کی بنیاد رکھی۔

میں ان دو بھائیوں اور آصف زرداری کی وجہ سے سیاست میں آیا، میں پاکستان میں پہلا آدمی تھا جس نے اس ملک میں کرپشن کے خلاف بات کی، 1999 میں، میں نے ان کے محلات کے باہر مظاہرہ کیا، اس وقت کوئی سننے والا نہیں تھا، ان دونوں بھائیوں اور زرداری نے ملک کے ادارے تباہ کردیے تھے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے الزام لگایا کہ ممبئی حملے ہماری فوج نے کرائے، اُن کے اس بیان کی وجہ سے ساری دنیا میں پاکستان بدنام ہوا، اب پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بیرونی لابی کو خوش کرنے کے لیے ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کی جو کی انتہائی گھٹیا حرکت تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں