ایک خاتون جب حاملہ ہوتی ہے تو اس کا علم ایک یا دو ماہ بعد ہوجاتا ہے اور بچے کی پیدائش سے دو یا تین مہینے پہلے ارگرد موجود ہر شخص کو ماں کی جسمانی حالت سے یہ معلوم ہوجاتا ہے۔

مگر کیا ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی خاتون ماں بننے والی ہو اور اسے پورے آٹھ یا نو ماہ تک علم ہی نہ ہو بلکہ ہسپتال میں کسی اور مرض کے علاج کے لیے جانے پر بچے کی پیدائش ہوجائے؟

یقیناً ایسا کروڑوں میں سے ایک کے ساتھ ہی ہوسکتا ہے تاہم امریکا سے تعلق رکھنے والی 41 سالہ خاتون کیلی یاکیچ کے ساتھ کچھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔

مزید پڑھیں : حاملہ خواتین صبح بہتر کیفیت کیلئے یہ ٹپس اپنائیں

25 جون کی رات کو یہ خاتون اپنے جسم میں شدید درد کے باعث سوتے سے اٹھی، یہ درد کمر سے آگے کی جانب آرہا تھا جبکہ جسم پر بہت زیادہ دباﺅ میں بھی محسوس ہوا اور خون بہنا شروع ہوگیا۔

پریشان خاتون اور ان کے شوہر جب علی الصبح ہسپتال پہنچے تو وہاں ڈاکٹروں نے شک پڑنے پر الٹراساﺅنڈ کیا اور حیران کن اطلاع دی کہ کیلی حاملہ ہیں اور بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔

ہسپتال پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد کیلی نے صحت مند بیٹے کو جنم دیا۔

زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کیلی کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا تھا، درحقیقت 2013 میں بھی انہیں اپنے حاملہ ہونے کا علم بچے کی پیدائش سے 3 ہفتے پہلے ہوا تھا۔

کیلی نے بعد ازاں ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ حمل کے دوران ان کا جسمانی وزن معمول پر رہا جبکہ کسی قسم کی علامات بھی سامنے نہیں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں : وٹامن ڈی کی کمی خواتین کے حاملہ نہ ہونے کا ایک سبب

اس کیس کے سامنے آنے پر ڈاکٹروں کو بھی یقین نہیں آیا تھا کیونکہ اس ہسپتال میں بچوں کی ولادت کا شعبہ ہی نہیں تھا بلکہ یہ کام ایمرجنسی میں کرنا پڑا۔

ڈاکٹروں کے خیال میں کیلی کو بچے کا علم اس لیے نہیں ہوسکا کیونکہ وہ 'اس کی پسلیوں کے پیچھے اور کمر کے پاس' تھا۔

یہی وجہ تھی کہ اس کی ھرکت کا ماں کو اندازہ نہیں ہوسکا، تاہم طبی ماہرین کے مطابق کروڑوں میں سے کسی ایک خاتون کے ساتھ ایسا ہوتا ہے اور ان میں حمل کی روایتی علامات سامنے نہیں آتیں۔

تبصرے (0) بند ہیں