پاکستان کرکٹ ٹیم نے اوپنر فخر زمان کی تاریخی بلے بازی کی بدولت زمبابوے کو ایک روزہ سیریز کے چوتھے میچ میں کئی ریکارڈز قائم کرتے ہوئے باآسانی 244 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔

زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اوپنرز نے اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے طویل شراکت اور انفرادی اننگز کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈز قائم کردیے۔

فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور بھرپور اعتماد کے ساتھ اننگز کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 399 رنز بھی بنا دیا۔

—فوٹو: پی سی بی ٹویٹر
—فوٹو: پی سی بی ٹویٹر

فخر زمان نے اپنے کیریئر کے 17 ویں میچ میں پاکستان کی جانب سے سب بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بنایا جو اس سے قبل سابق کپتان سعید انور نے 90 کی دہائی میں بنایا تھا۔

پاکستانی اوپنر نے زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 210 رنز بنائےاور ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔

نوجوان اوپنر امام الحق نے بھی شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور فخر زمان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 303 رنز کی طویل شراکت کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

امام الحق پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز تھے جو 304 کے مجموعے پر 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز طلعت علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 50 رنز بنائے۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 399 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔

زمبابوے نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انھیں ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب 18 کے اسکور پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اوپنر تیناشے کامونھواکاموے صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 36 کے اسکور پر تریسانا مساکانڈا 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تجربہ کار بلے باز اور کپتان ہملٹن مساکاڈزا بھی زیادہ مزاحمت نہ کرپائے اور 22 رنز کا اضافہ کرکے جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہو کرپویلین لوٹ گئے تاہم پی جے مور نے 20 رنز بنائے اور شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔

شاداب خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جس کے باعث زمبابوے نے ابتدائی 5 وکٹیں 100 رنز سے پہلی ہی گنوا دی تھیں۔

زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی ایلٹن چیگمبورا نے تریپانو کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا تاہم ان کی اننگز کا خاتمہ فہیم اشرف نے 136 رنز پر کیا، انھوں نے 37 رنز بنائے تھے۔

تریپانو نے زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے اور ٹیم کے شکست کے مارجن کو کچھ کم کردیا جس کے بعد پوری ٹیم 155 رنز پر آؤٹ ہو کر 244 رنز سے میچ ہار گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز پہلے ہی پاکستان اپنے نام کرچکا ہے تاہم قومی کپتان سیریز میں میزبان ٹیم کو وائٹ واش کرنے کے خواہش مند ہیں۔

قبل ازیں سیریز کے چوتھے میچ کے لیے پاکستان نے گزشتہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا۔

پاکستانی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شامل تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں