پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقامی اور بین الاقومی برادری نے پاکستان کے حالیہ انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی پر عمران خان کو مبارک باد پیش کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘پی ٹی آئی نے پاکستان کی موروثی سیاست میں دڑاڑیں ڈال دیں‘

آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی رہنما اپنی توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں کرسکے، انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی لیکن ہمیں اس کانفرنس سے یہ کامیابی ہوئی کہ اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمٰن کی درخواست کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن کی جماعتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں حلف لینے نہ جائیں لیکن تمام جماعتوں نے مولانا کی اس تجویز کو مسترد کیا اور کہا ہے کہ یہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی فعل ہوگا اور اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے مثبت رجحان ہیں کیونکہ دہرا معیار نہیں ہوسکتا، اب ہم نے آگے بڑھنا ہے اور دیکھنا ہے، کیونکہ پاکستان کے لوگوں نے اہم فیصلہ سنا دیا ہے اور ہمارے نئے پاکستان کے تصور کو قبول کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نئے پاکستان کے تصویر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، عالمی برادری سے آنے والی حمایت نے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اور تمام طبقے انتخابات کو درست سمجھتے ہوئے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا اتحاد

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں استحکام آیا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں قوم سے درخواست کروں گا کہ ہمارا ساتھ دیں اور ان قوتوں کو شکست دیں جو رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے، ’مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے علاوہ ہماری پوزیشن اتنی مستحکم ہے کہ ہم حکومت بنا سکتے ہیں‘۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ مالدیپ کے صدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹیلی فون کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے مالدیپ کے صدر کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں