انگلینڈ کا 1000 واں ٹیسٹ یادگار، سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست

04 اگست 2018
انگلش باؤلر جیمز اینڈرسن دنیش کارتک کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں
انگلش باؤلر جیمز اینڈرسن دنیش کارتک کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں

برمنگھم: انگلینڈ نے اپنے 1000 ویں ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ برمنگھم کے میدان ایجبسٹن میں کھیلا گیا اور میچ کے چوتھے روز ہی شکست و فتح کا فیصلہ ہوگیا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی سنچری بھی اپنی ٹیم کے کام نہ آئی۔

بھارتی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 194 رنز کا ہدف ملا تھا جس کے تعاقب میں پوری ٹیم 162 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

ہفتے کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کے 110 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ تھے۔

کپتان ویرات کوہلی اور دنیش کارتک نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تاہم بھارتی کپتان اپنی ٹیم کے لیے 194 رنز کا آسان ہدف حاصل نہ کرسکے اور 185 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر بین اسٹوکس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ویرات کوہلی نے پہلی اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور انہوں نے تنہا ہی انگلش باؤلر کا مقابلے کرتے ہوئے 149 رنز بنائے تھے جبکہ ان کی پوری ٹیم کا مجموعی اسکور 274 تھا۔

بھارتی بلے باز ہردیک پانڈیا کی وکٹ لینے پر بین اسٹوکس کو ساتھی کھلاڑی مبارکباد دے رہے ہیں
بھارتی بلے باز ہردیک پانڈیا کی وکٹ لینے پر بین اسٹوکس کو ساتھی کھلاڑی مبارکباد دے رہے ہیں

پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 287 رنر بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز میں 13 رنز کی سبقت حاصل تھی تاہم دوسری اننگز میں انگلش بلے باز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ دکھاسکے اور پوری ٹیم 180 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

دوسری اننگز میں نمایاں انگلش بلے باز ایس ایم کیورن تھے جنہوں نے محض 65 گیندوں پر 63 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

بھارت کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف ملا لیکن آسان ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے باز اننگز کے آغاز سے ہی ڈگمگاگئے، بھارت کی پہلی وکٹ 19 رنز پر گری اور اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز انگلش باؤلر کے سامنے ٹھہر نہ سکا۔

بھارت کی پوری ٹیم 54.2 اوورز میں 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح انگلینڈ نے اپنا 1000 واں ٹیسٹ میچ 31 رنز سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-5 کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے 2،2 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلش بلے باز سیم کیورن کو دوسری اننگز میں دلیرانہ بلے بازی کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 اگست کو لندن میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں