کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ اب دماغ سے زیادہ دل کہہ رہا ہے کہ کراچی کے دن تبدیل ہونے والے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد صدارتی امیدوارعارف علوی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 'حالیہ عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان تعاون کی راہیں کھلیں تھیں، ہمارے درمیان ایک معاہدہ بھی ہوا ہے جو دونوں کے وژن کا ملاپ ہے کہ پاکستان کو، سندھ کو بالخصوص اس کے شہری علاقوں کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'سب مانتے ہیں کہ بہتر کراچی ایک بہتر پاکستان ہے اور ملک کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، یقین ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون ہر میدان میں جاری رہے گا اور دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے کہ اب کراچی کے دن تبدیل ہونے والے ہیں۔'

خالد مقبول نے عارف علوی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے آپ کو پہلے بھی مایوس نہیں کیا تھا، آئندہ بھی نہیں کیں گے۔'

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا حکومت سازی کیلئے تحریری معاہدے کا اعلان

اس موقع پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 'ایم کیو ایم رہنماؤں سے مختلف امور پر تعاون کو مضبوط بنانے اور صدارتی انتخاب کے حوالے سے بات ہوئی۔'

قبل ازیں عارف علوی تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچے، جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی کی سیاسی صورتحال اور آنے والے صدارتی انتخاب کے حوالے سے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان نے قومی اسمبلی کی 6 نشستیں حاصل کی تھی، اور پارٹی نے وزیر اعظم کے انتخاب میں عمران خان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

نئی وفاقی کابینہ میں بھی ایم کیو ایم کو دو وزارتیں ملی تھیں اور خالد مقبول صدیقی کو وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات جبکہ سینیٹر فروغ نسیم کو وزیر قانون مقرر کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں