پاکستان کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلہ دیش کو 0-5 سے شکست

28 اگست 2018
بنگلہ دیش کے خلاف گول اسکور کرنے پر پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کے خلاف گول اسکور کرنے پر پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جکارتا: 18ویں ایشین گیمز میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان نے فتوحات کے سلسلے کو دراز کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0 گولز سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔

انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں منگل کو کھیلے گئے مینز ہاکی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کی۔

مزید پڑھیں: ایشین گیمز: ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

میچ کے دوسرے ہی منٹ میں محمد عتیق نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو9ویں منٹ میں مبشر علی نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے دوگنی کر دی۔

25ویں منٹ میں مبشر علی نے پینالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے ٹیم کی برتری 3-0 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی ٹیم چھائی رہی اور چھٹے منٹ میں پاکستانی کھلاڑی علی شان نے شاندار گول کر کے مقابلہ 4-0 گولز کر دیا جس کے بعد حریف ٹیم کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدیں ختم ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی نے 'بوم بوم' کا لقب دینے والے کرکٹر کا نام بتا دی

میچ کے 48ویں منٹ میں محمد عتیق نے پینالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے مقابلہ 5-0 گولز کر دیا اور میچ کے اختتام تک حریف ٹیم کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عتیق اور مبشر علی نے 2، 2 اور علی شان نے ایک گول اسکور کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار دفاع کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تک اس کے خلاف صرف ایک گول اسکور ہوا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں