شاہ رخ خان کو سپر اسٹار بنانے میں سلمان خان اور اس کے والد کا ہاتھ؟

ای میل

دونوں نے کرن ارجن نامی فلم میں بھی ایک ساتھ کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
دونوں نے کرن ارجن نامی فلم میں بھی ایک ساتھ کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

ویسے دیکھا جائے تو بولی وڈ خانز کسی کی مدد کے بغیر ہی فلم انڈسٹری کے اعلیٰ مقام پر پہنچے ہیں۔

تاہم ہر اداکار کی طرح بولی وڈ خانز کی ابتدائی زندگی بھی مشکلات کا شکار رہی ہے۔

دیگر اداکاروں کی طرح شاہ رخ خان نے بھی بولی وڈ میں قدم جمانے کے لیے بہت محنت کی اور شروع میں انہیں سخت مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

اب انڈسٹری کو 25 سال دینے کے بعد شاہ رخ خان سپر اسٹار بن چکے ہیں، تاہم وہ ماضی میں اپنے ساتھ اچھا سلوک کرنے والوں کو نہیں بھولے اور ان کا ماننا ہے کہ انہیں اس مقام پر پہنچانے میں ان کے اچھے دوستوں اور محسنوں کا ہاتھ ہے۔

شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سپر اسٹار بننے میں بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کا ہاتھ ہے۔

رومانس کے بادشاہ نے اعتراف کیا ہے کہ اگر انہیں ماضی میں سلمان خان اور ان کے والد سہارا نے دیتے تو وہ کبھی بھی بولی وڈ کے سپر اسٹار نہیں بن پاتے۔

پونے مرر کے مطابق سلمان خان کے گیم شو ‘دس کا دم تھری’ کے پرومو کی شوٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے اپنے ماضی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اگر انہیں فلم لکھاری سلیم خان سہارا نہ دیتے تو وہ کبھی بھی سپر اسٹار نہیں بن پاتے۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ کئی سال قبل جب وہ دہلی سے کئی خواب لے کر ممبئی آئے تھے تو سلمان خان کے والد سلیم خان نے انہیں صرف گھر کی چھت فراہم کی بلکہ انہوں نے انہیں کھانا بھی میسر کرکے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سلمان خان کی وجہ سے ہی اس شو میں آئے، ساتھ ہی وہ ان کے کہنے پر ہر وہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جو ان سے دبنگ ہیرو کہیں گے۔

فلمی بیٹ کے مطابق اسی پرومو کے دوران ایک سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ انہوں نے سلمان خان سے اس لیے ہی دوستی کی ہے تاکہ وہ ان کی شادی کے بعد ان کی تمام گرل فرینڈز کا خیال رکھ سکیں۔

اس شو میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ رانی مکھرجی، امیتابھ بچن، انوشکا شرما اور دیگر اداکار بھی شامل ہوئے۔

پروگرام کے دوران شاہ رخ خان نے ان کے ساتھ 1998 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ کی یادیں بھی شیئر کیں۔

اس فلم میں رانی مکھرجی کے علاوہ کاجول بھی مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں، جب کہ سلمان خان نے اس میں مختصر کردار کیا تھا۔

یاد رہے کہ جلد ہی شاہ رخ خان کی فلم ‘زیرو’ ریلیز ہوگی، جس میں ان کے ساتھ کترینہ کیف اور انوشکا شرما جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

اس فلم میں بھی سلمان خان مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔

سلمان خان کا شو ‘دس 10 کا دم’ معروف بھارتی چینل ‘سونی ٹی وی’ پر نشر ہوتا ہے، اس وقت اس شو کا تیسرا سیزن چل رہا ہے، اس سے قبل بھی دونوں سیزنز کی میزبانی سلمان خان ہی کر چکے ہیں۔