اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سادگی اور کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کے زیر استعمال 102 گاڑیوں کی نیلامی کے مرحلے میں آج 61 گاڑیوں کی نیلامی مکمل ہوگئی۔

وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں میں بلٹ پروف گاڑیوں کی آج نیلامی مکمل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے دوسرے مرحلے میں کل (18 ستمبر) کو دوبارہ نیلامی کی جائے گی۔

نیلام ہونے والی 61 گاڑیوں سے قومی خزانے کو تقریباً 18 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا۔

واضح رہے کہ آج نیلام کی جانے والی گاڑیوں میں 8 بی ایم ڈبلیوز، 2014 کے ماڈل کی تین کاریں، 5 ہزار سی سی کی تین ایس یو ویز، اور 2016 کے ماڈل کی 3 ہزار سی سی کی 2 ایس یو ویز شامل تھیں۔

اس کے علاوہ نیلامی میں 2016 کے ماڈل کی 4 مرسڈیز بینز کاریں بھی پیش کی گئیں، جن میں 4 ہزار سی سی کی 2 بلٹ پروف کاریں بھی شامل تھیں۔

وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا اخبار میں دیا گیا اشتہار
وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا اخبار میں دیا گیا اشتہار

نیلامی میں پیش کی جانے والی گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کاریں بھی تھیں جس میں ایک 2004 کی لیکسز کار، 2006 کی لیکسز ایس یو وی، 2004 کے ماڈل کی 2 لینڈ کروزر اور 2003 سے 2013 تک خریدی جانےوالی 8 دیگر گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 2015 کی 4 بلٹ پروف لینڈ کروزر بھی نیلامی کے لیے پیش کی گئیں، اس کے ساتھ 18 سو سی سی کی ہنڈا سوِک اور سوزوکی کمپنی کی 3 گاڑیا ں بھی نیلام کی گئیں جس میں سے2013 کے ماڈل کی ایک اے پی وی جبکہ 2 کلٹس کار شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان

اس کے ساتھ ساتھ سال 1994 کے ماڈل کی ہینو بس بھی فروخت کرنے کے لیے پیش کی گئی تھی۔

نیلامی زیادہ سے زیادہ دی گئی لفافہ بند پیشکش سے شروع کی گئی اور سب سے زیادہ قیمت لگانے والا گاڑی ساتھ لے کر گئے۔

خیال رہے کہ مجموعی طور پر وزیر اعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس 200 سے زائد گاڑیاں ہیں، جن میں سے 102 گاڑیاں پہلے مرحلے میں اور باقی آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

نیلام کی جانے والی گاڑیاں وزیر اعظم کے پروٹوکول اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں