محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سندھ کے مختلف شہروں میں 3 روز کے لیے موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ سندھ نے وفاق اور پاکستان ٹیلی کمیونمکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط لکھ کر مطلع کردیا۔

ڈان نیوز کو موصول ہونے والے اس خط کی کاپی کے مطابق کراچی، حیدرآباد، خیر پور، سکھر اور نواب شاہ میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔

مزید پڑھیں: سندھ: 3 سو علماء و ذاکرین کے صوبے میں داخلے پر پابندی

سیکریٹری داخلہ سندھ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سروس پر پابندی 8، 9 اور 10 محرم کو صبح 7 سے رات 12 بجے تک ہوگی۔

8 محرم کو جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف میں اور 9، 10 محرم کو مکمل طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اہم قومی مواقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جاتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں 9، 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

سندھ حکومت کی جانب سے 9 اور 10 محرم الحرام 1440 ہجری کو عاشورہ کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

حکومت نے عاشورہ کے پیش نظر ملک بھر سے 3 سو علما و ذاکرین کے سندھ میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اسی طرح محرم کے دوران شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں امن عامہ کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے یکم تا 10 محرم کرمنل پروسیجر کوڈ کے تحت دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں