وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ ’یہ وہ نیا پاکستان نہیں جس کی ہمیں امید تھی‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے نہ صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کی بلکہ آسیہ بی بی کیس پر بھی اظہار خیال کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہ وہ نیا پاکستان نہیں جس کی ہمیں امید تھی، عدلیہ کے دفاع میں دلیرانہ تقریر کرنے کے 3 روز بعد ہی حکومت آسیہ بی بی کے پاکستان سے باہر نہ جانے کے مطالبے کو تسلیم کرلیتی ہے۔

مزید پڑھیں: جمائما گولڈ اسمتھ کی عمران خان کو مبارکباد

انہوں نے کہا کہ توہین مذہب کیس میں بری ہونے کے بعد آسیہ بی بی کو پاکستان سے باہر نہ جانے دینا موثر طریقے سے ان کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کرنا ہے۔

خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور دھرنے دے کر سڑکوں کو بلاک کردیا تھا۔

ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے فوری طور پر قوم سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریاست کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں'

انہوں نے کہا تھا کہ ملک دشمن عناصر ججز کو قتل اور فوج سے بغاوت پر اکسا رہے ہیں، 'میں ایسے عناصر سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے ریاست سے نہ ٹکرائیں' اور ریاست کو مجبور نہ کریں کہ وہ کسی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو جائے۔

تاہم وزیر اعظم کے اس خطاب کے بعد معاملہ مزید خراب ہوتا نظر آیا تھا اور احتجاج کا دائرہ وسیع ہوگیا تھا، جس کے بعد حکومت کو مظاہرین سے مذاکرات کرنے پڑے تھے اور 3 دن تک احتجاج ختم ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں