آسٹریلیا: اسٹرابیری میں سوئیاں چھپانے کے الزام میں خاتون گرفتار

11 نومبر 2018
اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیاں برآمد ہونے کے ایک سو مقدمات درج ہوئے تھے — فوٹو : نیوز ڈاٹ کام آسٹریلیا
اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیاں برآمد ہونے کے ایک سو مقدمات درج ہوئے تھے — فوٹو : نیوز ڈاٹ کام آسٹریلیا

آسٹریلیا میں گزشتہ دو ماہ سے حیران کن طور پر اسٹرابیری سے سلائی مشین کی سوئیاں برآمد ہونے کے واقعات نے عوام میں خوف پھیلانے کے ساتھ ساتھ پھلوں کی برآمدات کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

تاہم اب آسٹریلیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیوں کے واقعات کی تحقیقات کے بعد ایک 50 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق کوئینز لینڈ پولیس سروس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوئنزلینڈ میں مبینہ طور پر اسٹرابیری میں سوئیاں چھپانے کے الزام میں ایک 50 سالہ خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار شدہ خاتون کو پیر کے روز برسبین مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

مذکورہ گرفتاری ملک بھر میں اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیوں کے کم از کم 100 مقدمات درج ہونے کے بعد عمل میں آئی۔

خیال رہے کہ رواں برس ستمبر کے آغاز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیاں نکلنے کے واقعات نے عوام خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔

مزید پڑھیں : آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی اسٹرابیری سے سوئیاں نکلنے کے واقعات

جس کے بعد کوئنزلینڈ ریاست کی حکومت نے اسٹرابیری میں مبینہ سوئیاں چھپانے والے مجرم کی اطلاع دینے والے شخص کے لیے ایک لاکھ آسٹریلوی ڈالر (72 ہزار امریکی ڈالر) انعام کا اعلان کیا تھا۔

آسٹریلیا کی 6 ریاستوں میں کم از کم 6 مختلف برانڈز میں چھپی ہوئی سوئیاں برآمد ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ دیگر پھلوں کیلے،سیب اور آم میں دھات کے ٹکڑے ملنے کے چند واقعات سامنے آئے تھے جس سے متعلق کہا گیا تھا کہ تحقیقات کا رخ موڑنے کے لیے یا مذاق میں ایسا کیا گیا ۔

12 ستمبر کو آسٹریلوی ریاست کوئینز لینڈ کے حکام نے خبردار کرتے ہوئے اسٹرابیری کو کاٹ کر کھانے کی ہدایت جاری کی تھی۔

حکام نے اس جرم میں ملوث متوقع ملزمان کی سزا 10 سال سے 15 برس کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

کوئینز لینڈ کی پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملک گیر تحقیقات کرتے ہوئے ’ ریاستی حکام، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسی اور ریاست میں کام کرنے والی پولیس ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر تحقیقات کی‘۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔

اسٹرابیری کی صنعت اثر انداز

اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیوں کے واقعات نے کروڑوں ڈالر کی اسٹرابیری کی صنعت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

چھپی ہوئی سوئیوں کے واقعات سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا بھرکی مختلف سپر مارکیٹوں نے بڑی تعداد میں اسٹرابیری ہٹادی تھی۔

تاہم مقامی اور بیرون ملک خریداروں نے آسٹریلیا کی اسٹرابیری کی فروخت روک دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : آسٹریلیا: اسٹرابیری سے سوئیاں نکلنے پر عوام خوف کا شکار

آسٹریلیا دنیا کے مختلف ممالک ہانک کانگ، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات میں اسٹرابیری درآمد کرتا ہے۔

آسٹریلین بیورو آف اسٹیٹیکس کے مطابق جون 2017 کے اختتام تک اسٹرابیری ملکی درآمد کا 3 فیصد حصہ مشتمل تھا۔

آسٹریلین ہورٹی کلچرل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جون 2017 کے اختتام پر تازہ پھل کی برآمد کی قدر 95 کروڑ 40 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (69 کروڑ امریکی ڈالر تھی)۔

تبصرے (0) بند ہیں