ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کا یہ نقصان جانتے ہیں؟

21 نومبر 2018
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

دن بھر میں صرف 2 گھنٹے سے زائد وقت تک ٹیلیویژن دیکھنا صحت کے لیے تباہ کن بلکہ قبل از وقت موت کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

گلاسگو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹی وی کے سامنے گھنٹوں بیٹھے رہنے کی عادت تمباکو نوشی، الکحل اور ناقص غذا کے استعمال کی طرح امراض قلب کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

مزید پڑھیں : وہ غلطیاں جو 30 سال کی عمر کے بعد اکثر افراد کرتے ہیں

تحقیق کے دوران 40 سے 69 سال کی عمر کے 3 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کو دیکھ کر تجزیہ کیا گیا کہ وہ کتنا وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 2 گھنٹے 12 منٹ روزانہ ٹی وی دیکھنا ہی امراض قلب کا خطرہ بڑھانے کے لیے کافی ہے۔

محققین کے مطابق زیادہ ٹی وی دیکھنا اور کم نیند خراب صحت اور زندگی مختصر کرنے کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی وی دیکھنے کا وقت اور نیند کا کم دورانیہ صحت مند طرز زندگی کے لیے ابھرتے بڑے خطرات ہیں، کیونکہ درمیانی عمر میں زیادہ ٹی وی دیکھنے کی عادت نیند دور کرنے کا باعث بنتی ہے۔

گزشتہ سال امریکا مشی گن یونیورسٹی اور بیلجیئم کے لیووین اسکول آف ماس کمیونیکشن ریسرچ کی مشترکہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کئی کئی گھنٹے لگاتار ٹی وی دیکھنا نیند کے معیار کو ناقص، زیادہ تھکاوٹ اور بے خوابی کا باعث بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے 15 بڑے نقصانات

اسی طرح امریکا کی بوسٹن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ نوجوانی سے بہت زیادہ وقت تک ٹیلیویڑن دیکھنا اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری دماغی افعال کی تنزلی کا باعث بنتی ہے اور اگر دماغ کی عمر بڑھتی ہے تو جسم بھی تیزی سے بڑھاپے کی جانب بڑھتا ہے۔

کچھ عرصے پہلے نیشنل کینسر انسٹیٹوٹ کی ایک تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ روزانہ ساڑھے تین گھنٹے ٹی وی دیکھنا نہ صرف کینسر اور امراض قلب کا خطرہ بڑھاتا ہے بلکہ ذیابیطس، نمونیا اور جگر کے امراض کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں