بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

02 دسمبر 2018
بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 184 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کا فیصلہ ویسٹ انڈیز کی ناقص بلے بازی کے باعث محض تیسرے روز ہی ہوا جہاں بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 75 رنز سے کیا جب ہیٹمیئر 32 اور ڈویچ 17 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلےبازوں نے اسکور 98 رنز تک پہنچایا تھا کہ ہیٹمیئر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈیوڈ بشو صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے۔

ڈوریچ نے 37 رنز بنا کر ٹیم کو فالوآن سے بچانے کی کوشش ضرور کی لیکن دیگر بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکے اور پوری ٹیم 111 رنز پر آوٹ ہوئی اور پہلی اننگز میں 397 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے ہیٹمیئر کے 39 اور ڈوریچ کے 37 رنز کے علاوہ شے ہوپ واحد بلے باز تھے جو دس رنز بنا سکے لیکن کوئی اور بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کرپائے۔

مہدی حسن میراز نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کیں، شکیب الحسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیشی کپتان نے ویسٹ انڈیز کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم دوسری اننگز میں بھی مزاحمت کرنے میں ناکام ہوئی اور پوری ٹیم 213 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

مہدی حسن میراز نے دوسری اننگز میں بھی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ تہس نہس کردی۔

ویسٹ انڈیز کے 6 بلے باز دوسری اننگز میں بھی 100 رنز سے قبل ہی پویلین لوٹ گئے تھے تاہم ہیٹمیئر نے ایک مرتبہ پھر 93 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیلی لیکن ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی تیار نہیں تھا۔

شے ہوپ نے 25 رنز بنائے جبکہ کیماروچ نے آؤٹ ہوئے بغیر 37 رنز کی اننگز کھیلی، لیوس آوٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 20 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد تیج الاسلام کا شکار بنے۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 213 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ میں ایک اننگز اور 184 رنز سے شکست کھا کر سیریز میں بھی ناکام ہوئی۔

مہدی حسن میراز نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرکے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں اپنے نام کیں، دوسری اننگز میں تیج الاسلام نے 3، شکیب الحسن اور نعیم حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شکیب الحسن کو سیریز اور مہدی حسن میراز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں