سارہ علی خان کے ڈیبیو کو کتنا پسند کیا گیا؟

07 دسمبر 2018
فلم آج ریلیز کی گئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم آج ریلیز کی گئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے اپنے انٹرویوز اور اسٹائل سے تو مداحوں کو خوب متاثر کیا تاہم سب ہی کو ان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ میں ان کی کارکردگی دیکھنے کا انتظار تھا۔

سارہ علی خان نے بولی وڈ انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی دو فلموں کو سائن کیا، جن میں ایک ’کیدرناتھ‘ جبکہ دوسری ’سمبا‘ ہے۔

ان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ آج دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی گئی ہے، اس فلم میں سارہ کے ہمراہ سشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیا۔

فلم کیدرناتھ کی کہانی 2013 میں اتراکھنڈ میں آنے والے سیلاب اور ہندو لڑکی (سارہ علی خان) اور مسلمان لڑکے (سشانت سنگھ) کی رومانوی کہانی پر مبنی ہے۔

تو کیا سارہ علی خان اپنے ڈیبیو سے شائقین اور تجزیہ کاروں کا دل جیت پائیں؟

ہندوستان ٹائمز

اس ریویو میں سارہ علی خان کے ڈیبیو سے تجزیہ کار زیادہ متاثر نظر نہیں آئے، ان کے مطابق سارہ علی خان جب تک خاموش رہیں تو ان کے جذبات متاثر کن تھے تاہم ان کے ڈائیلاگ بولنے کا انداز بالکل متاثر کن ثابت نہیں ہوا۔

ٹائمز آف انڈیا

اس ریویو میں سارہ علی خان کے ڈیبیو کو یادگار قرار دیا گیا، تجزیہ کار کے مطابق سارہ علی خان اپنی پہلی پرفارمنس سے شائقین کو متاثر کرنے میں یقیناً کامیاب ہوں گی، کیوں کہ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

دی ہندو

اس ریویو میں سارہ علی خان کے ڈیبیو کو ملا جلا ردعمل موصول ہوا، جبکہ ان سے اگلی فلم میں مزید بہتر کارکردگی کی امید بھی کی گئی۔

این ڈی ٹی وی

این ڈی ٹی وی کے ریویو کے مطابق سارہ علی خان نے فلم میں اپنی بہترین کارکردگی سے سشانت سنگھ راجپوت کی جانب مرکوز ہونے والی توجہ بھی خود حاصل کرلی۔

اس موقع پر بولی وڈ اسٹارز بھی سارہ علی خان کی کارکردگی سے خاصے متاثر نظر آئے جبکہ فلم کے ہدایت کار اور پوری ٹیم کو بھی کافی سراہا گیا۔

اداکار ارجن رامپال کا کہنا تھا کہ ’کیدرناتھ خوبصورت فلم ہے، فلم کے آخر میں سارہ علی خان نے بہترین کام کیا‘۔

شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سارہ علی خان اپنے کردار میں بالکل حقیقی نظر آئیں۔

پروڈیوسر راہول ڈھولکیا نے بھی کہا کہ وہ سارہ علی خان کے ڈیبیو سے خاصے متاثر ہوئے۔

سارہ علی خان کی دوسری فلم ’سمبا‘ رواں سال 28 دسمبر کو ریلیز ہوگی، جس میں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں