ترکی: ٹرین حادثے میں 9 افراد ہلاک، 47 زخمی

13 دسمبر 2018
ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی
ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں تیز رفتار ٹرین کے لوکوموٹو سے ٹکرانے سے 9 افراد ہلاک اور 47 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ترکی کے وزیر ٹرانسپورٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 3 ٹرین آپریٹرز بھی شامل ہیں، جبکہ ایک شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں 47 افراد زخمی بھی ہوئے، بعد ازاں وزیر صحت فحرتین کوکا نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 34 تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرین انقرہ اسٹیشن سے نکلنے کے 6 منٹ بعد جیسے ہی مرسَندیز اسٹیشن داخل ہوئے حادثہ پیش آیا۔

ترک اخبار 'حریت ڈیلی' کی رپورٹ میں کہا کہ ٹرین میں 206 مسافر سوار تھے جبکہ ٹرین انقرہ کے مرکزی اسٹیشن سے وسطی صوبے کونیا جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی: ریل حادثے میں 10 افراد جاں بحق، 73 زخمی

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ حادثے کے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

انقرہ میں خطاب کے دوران انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اناطولو' کے مطابق تینوں ترکی کی سرکاری ریلویز ایجنسی کے ملازم ہیں جنہیں مبینہ طور پر غفلت برتنے پر حراست میں لیا گیا۔

انقرہ کے گورنر واسِپ ساہِن نے صحافیوں کو حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 'حادثہ صبح کے وقت پیش آیا اور کونیا جانے والی تیز رفتار ٹرین اسی روٹ پر موجود لوکوموٹو سے ٹکرا گئی۔'

انہوں نے کہا کہ 'حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور جیسے ہی اصل محرکات سامنے آئیں گے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔'

اناطولو کی رپورٹ میں کہا گیا کہ انقرہ کے پبلک پراسیکیوٹر نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں