' ہمیں 2018 میں فیس بک پر ہونے والی پشرفت پر فخر ہے'

30 دسمبر 2018
مارک زکربرگ — اے ایف پی فائل فوٹو
مارک زکربرگ — اے ایف پی فائل فوٹو

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ مہینوں سے پرائیویسی تنازعات کی بناءپر مختلف حلقوں کی تنقید کی زد میں ہیں ، مگر اب انہوں نے کہا ہے ' ہمیں 2018 میں فیس بک پر ہونے والی پشرفت پر فخر ہے'۔

خیال رہے کہ 2018 مارک زکربرگ اور فیس بک کے لیے سب سے مشکل سال ثابت ہوا ہے جس میں ایک کے بعد ایک تنازع کمپنی کے خلاف سامنے آتا رہا۔

مزید پڑھیں : فیس بک کا ایک اور پرائیویسی اسکینڈل سامنے آگیا

اب مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ' واضح رہے کہ تمام مسائل پر قابو پانا ایک سال کے چیلنج سے کہیں زیادہ بڑا کام ہے، کچھ مسائل جیسے انتخابی مداخلت یا نفرت انگیز پوسٹس ایسے مسائل ہیں جن پر مکمل طور پر قابو پانا ممکن نہیں'۔

2018 وہ سال تھا جس میں متعدد مواقعوں پر مارک زکربرگ صارفین اور دیگر حلقوں سے معذرت کرتے نظر آئے، امریکی کانگریس میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا۔

اسی بارے میں اپنی فیس بک پوسٹ پر پورے سال کی کوشوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ فیس بک اب ایک تبدیل شدہ کمپنی ہے اور مسائل کے حوالے سے زیادہ بہتر سوچ رکھتی ہے۔

انہوں نے لکھا 'ہم نے بنیادی طور پر اپنا ڈی این اے بدل کر اپنی سروسز میں نقصان دہ پہلوﺅں پر زیادہ توجہ مرکوز کردی ہے'۔

رواں سال فیس بک کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا جبکہ کاروباری لحاظ سے اس کے حصص میں 24 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک پر سنگین الزامات : نیویارک ٹائمز کی چشم کشا رپورٹ

خیال رہے کہ 2018 کے آغاز میں مارک زکربرگ نے اپنا سال کا چیلنج فیس بک کے مسائل پر قابو پانا رکھا تھا جس میں وہ ناکام ہی رہے۔

اب نئی پوسٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیس بک خودکار طور پر 99 فیصد دہشتگردانہ مواد ڈیلیٹ کردیتی ہے مگر یہ نہیں بتایا کہ یہ اعدادوشمار داعش یا القاعدہ تک محدود ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کلیئر ہسٹری ٹول پر کام جاری ہے جس کا پہلا اعلان رواں سال مئی میں ہوا تھا مگر اب تک اسے متعارف نہیں کرایا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں