جاپانی پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین قرار،پاکستان کی رینکنگ میں 2 درجے بہتری

09 جنوری 2019
بھر کے طاقتور پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 102 ہے — فائل فوٹو
بھر کے طاقتور پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 102 ہے — فائل فوٹو

عالمی درجہ بندی میں جاپان کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے جبکہ پاکستان کی درجہ بندی میں بھی 2 درجے بہتری آئی ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے ہر برس کی طرح 2019 کے لیے بھی فہرست جاری کی ہے جس میں پاسپورٹس کی طاقت کا معیار بغیر ویزا، ای ویزا یا ویزا آن ارائیول کو قرار دیا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی درجہ بندی میں پاکستان کے پاسپورٹ کی پوزیشن میں 2 درجے بہتری آئی ہے اور وہ 104 نمبر سے 102 نمبر پر آگیا ہے۔

تاہم پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو صرف 33 ممالک میں ویزے کے بغیر یا وہاں پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے کی اجازت ہونے کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا پانچواں کمزور ترین پاسپورٹ ہے اور گزشتہ برس کی طرح اب بھی صرف صومالیہ، شام، افغانستان اور عراق کے پاسپورٹ سے بہتر ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بہتری

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی یہ درجہ بندی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ڈیٹا پر مبنی ہے، یہ دنیا کی سفری معمولات کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس ہے جس میں ہینلے اور پارٹنرز ریسرچ ڈویلپمنٹ کی حالیہ جاری تحقیق کی وجہ سے اضافہ ہوا۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق ایک بار پھر جاپان کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین قرار پایا ہے جس کے شہری 190 ممالک میں ویزے کے بغیر یا وہاں پہنچنے پر ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

سنگاپور بھی گزشتہ برس کی طرح دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی کوریا ایک درجہ بہترین کے بعد تیسرے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جنوبی کوریا کے شہری دنیا کے 189 ممالک میں ویزے کے بغیر یا وہاں پہنچنے پر ویزا حاصل کرلیتے ہیں۔

جرمنی اور فرانس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں جس کے شہریوں کو 188 مقامات پر ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر کمزور ترین قرار

خیال رہے کہ گزشتہ برس جرمنی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تھا۔

ڈنمارک، اٹلی، فن لینڈ اور سویڈن مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر براجمان ہیں، ان ممالک کے پاسپورٹ کے حامل افراد 187 مقامات پر ویزے کے بغیر جاتے ہیں یا وہاں پہنچنے پر ویزا حاصل کر لیتے ہیں۔

مزید برآں برطانیہ اس فہرست میں چوتھے سے چھٹے جبکہ امریکا پانچویں سے چھٹے نمبر پر آگیا ہے، دونوں ممالک کے شہری 186 ملکوں میں ویزے کے بغیر جاسکتے ہیں۔

ایشیا کے طاقتور پاسپورٹ میں چین رینکنگ میں 5 درجات کی بہتری کے بعد 2018 کے مقابلے میں 74ویں نمبر سے 69ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

علاوہ ازیں کمبوڈیا 84ویں، لاؤس 86ویں اور میانمار 90 نمبر پر موجود ہیں، ان کی رینکنگ میں بھی 4 درجے بہتری آئی ہے۔

بھارتی پاسپورٹ اس فہرست میں افریقی ممالک کے درمیان 79ویں نمبر پر ہے۔

متحدہ عرب امارات رینکنگ میں بہتری کے ساتھ 22ویں نمبر پر ہے، جبکہ 2018 میں یہ 27 ویں نمبر پر تھا۔

افغانستان اور عراق صرف 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول اسکور کی وجہ سے مشترکہ طور پر آخری نمبر پر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں