وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عندیہ دیا ہے کہ صوبہ سندھ میں ’تبدیلی‘ کے امکانات روشن ہیں اور کراچی میں مختلف ملاقاتوں میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے رخصت ہونے کی ’بنیاد‘ رکھ دی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے تشکیل پانے والے الائنس فار ریسٹوریشن آف کرپشن (اتحاد برائے بحالی کرپشن) پر تشویش ہے، تاہم امید کرتے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کرپشن میں ملوث سیاسی افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گی‘۔

وزیر اطلاعات نے نیب کی جانب سے تفتیش شروع نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتساب بیورو کو 2 ماہ کی ڈیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو عارضی گٹھ جوڑ قرار دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں ’تبدیلی‘ لانے کا پہلا موقع پیپلز پارٹی کا ہے اور اسے چاہیے کہ وہ وزیراعلی سندھ کو تبدیل کر دے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین کے تعاون سے جو لوگ سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں ہم تبدیلی لے کر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’موجودہ دور جمہوری ہے جہاں گورنر کی حاکمیت نہیں ہو سکتی، تاہم سیاسی اور آئینی تبدیلیاں ہوتی ہیں‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو آئینی حق استعمال کرنے کی آزادی ہے اور ہم بھی آئینی حق کے تحت ’تبدیلیاں‘ لے کر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فرنٹ فٹ ڈپلومیسی کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ان کا کہنا تھا کہ ’بلکل اسی طرح سندھ کے عوام کا بھی حق ہے کہ وہ آئینی طریقے سے اپنے سیاسی معاملات چلائیں‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بعد اب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا سیاسی مستقبل منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے۔

خیال رہے کہ 15 جنوری کو چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف متحد، مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

اجلاس کے بعد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے مشترکہ طور پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا ہے جو اپوزیشن کے مشترکہ لائحہ عمل کے لیے تجاویز تیار کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں