وزیراعظم نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کے نرخ میں اضافے کانوٹس لے لیا

اپ ڈیٹ 04 فروری 2019
وزیراعظم نے لاہور کا دورہ کیا—فوٹو:پی آئی ڈی
وزیراعظم نے لاہور کا دورہ کیا—فوٹو:پی آئی ڈی
عمران خان نے متعلقہ حکام سے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات سے متعلق معلومات بھی لیں — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے متعلقہ حکام سے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات سے متعلق معلومات بھی لیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گھریلو صارفین کے بلوں میں گیس نرخ میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور آمد کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب سے امن وامان کی صورت حال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: سانحہ ساہیوال: سینیٹ کمیٹی اور ورثا کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام سے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کی معلومات بھی حاصل کیں۔

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، سینئر وزیر علیم خان اور دیگر نے شرکت کی۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کو میڈیا میں موثر طریقے سے پیش کرنے اور حکومتی اقدامات کا دفاع کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب نے وزیراعظم کو صوبے میں اپنائی گئی میڈیا حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

گیس نرخوں میں اضافے کا نوٹس

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے بلوں میں گیس نرخ کے اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو انکوئری کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گیس کے نرخوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے کیوں کہ اس سے براہ راست صارفین متاثر ہورہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب حکومت کی انتظامی اور مالی استعداد کار بڑھانے کے لیے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر اورسیز پاکستانیز سیدذوالفقار بخاری ، وزیر صحت ڈاکٹر عامر کیانی ، معاون خصوصی نعیم الحق، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان ، وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، وزیر آب پاشی محمد محسن لنگڑیال، وزیر صنعت میاں محمد اسلم اقبال اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران معاشی ترقی کے حصول کے لیے ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری اور ہیومن ریسورس کے استعمال کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلا س کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں زراعت ، صنعت، توانائی، انفرااسٹرکچراور ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

ڈاکٹر سلمان شاہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں زراعت اور صنعتی پیداوار میں مصنوعات کے تنوع کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پنجاب کے 50 شہر اور 36 اضلاع کی ترقی کے لیے پلان پر بریفنگ دی، ڈاکٹر سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ کم سے کم 15 شہروں کو معاشی حب قرار دیا جانا چاہیے۔

سانحہ ساہیوال کے لواحقین کو انصاف مہیا کیا جائے گا

وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بلوں میں اضافے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل (04 فروری کو) صحت کارڈ کے پہلا مرحلے کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گورننس کے موضوع پر اجلاس ہوا ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سانحہ ساہیوال کے لواحقین کو انصاف مہیا کیا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا اسٹریٹیجک کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے سوشل میڈیا کو متحرک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے پنجاب حکومت سے اختلافات کی خبروں پر فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے کوئی تحفظات نہیں ہیں، پنجاب میں بہتر انتظامی تبدیلیاں آئیں گی۔

نواز شریف کے علاج سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی زندگیوں میں اب صرف یہی سسپینس رہ گیا ہے کہ وہ اپنی بقیہ زندگی جیل میں گزاریں گے یا لندن میں بسر کریں گے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Talha Feb 03, 2019 07:32pm
Naya be tahash gas ka bill tou aa chukka hai....... ab kiya faida ies "NOTICE" ka.....
الیاس انصاری Feb 04, 2019 10:21am
پاکستان میں حکومت کسی کی بھی ہو ڈرامے ختم نہیں ہوتے - گیس کی قیمتوں میں تین ماہ پہلے اضافہ ہو تھا وزیراعظم آج اس کا نوٹس لے رہے ہیں