سنی لیونی کا نام سرکاری ملازمت کے امیدواروں کی فہرست میں آنے پر تنازع

22 فروری 2019
اداکارہ نے فہرست میں پہلے نمبر پر نام آنے پر خوشی کا اظہار کیا—فوٹو: سنی لیونی انسٹاگرام
اداکارہ نے فہرست میں پہلے نمبر پر نام آنے پر خوشی کا اظہار کیا—فوٹو: سنی لیونی انسٹاگرام

کینڈین نژاد بھارتی اداکارہ سنی لیونی یوں تو ہمیشہ ہی خبروں میں رہتی ہیں، تاہم اس بار وہ اپنی اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک اور دلچسپ وجہ سے خبروں میں ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ سنی لیونی کا نام بھارتی ریاست بہار کے محکمہ صحت کے سرکاری ملازمت کے امیدواروں کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔

ریاست بہار کے محکمہ صحت نے حال ہی میں 200 جونیئر انجنیئرز کی ملازمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے ملک بھر سے 18 ہزار امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے کوٹا سسٹم کے تحت نوکریوں کا اعلان کیا گیا تھا اور ہر امیدوار کو درخواست دیتے وقت کوٹا لکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ملازمت کے حصول کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی ایک فہرست بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس فہرست کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی وجہ سے اداکارہ سنی لیونی کا نام تھا جو فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے فہرست میں پہلے نمبر پر سنی لیونی کا نام پڑھا جاسکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فہرست میں درج سنی لیونی کے والد کا نام لیونی لیونا ہے جب کہ انہوں نے اپنی پیدائش کی تاریخ 13 مئی 1991 درج کی۔

درخواست میں نہ صرف نام بلکہ تصویر بھی اداکارہ سنی لیونی کی چسپاں ہے—فوٹو: ٹوئٹر
درخواست میں نہ صرف نام بلکہ تصویر بھی اداکارہ سنی لیونی کی چسپاں ہے—فوٹو: ٹوئٹر

اس حساب سے سنی لیونی کی عمر 28 برس ہوئی۔

سنی لیونی نے جنرل کوٹا کے تحت نوکری میں درخواست دی تھی۔

فہرست میں درج سنی لیونی کے والد کا نام لیونی لیونا ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا اور لوگوں نے سمجھا کہ یہ اداکارہ سنی لیونی ہی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سنی لیونی کی جانب سے نوکری کے لیے دی گئی درخواست میں بھی اداکارہ کی تصویر چسپاں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہونے کے بعد صحت کے ریاستی وزیر کو بیان جاری کرنا پڑا اور انہوں نے وضاحت کی کہ ابھی صرف درخواست دینے والے امیدواروں کی فہرست جاری ہوئی ہے اور شارٹ لسٹ امیدواروں کی فہرست جاری ہونا ابھی باقی ہے۔

نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ریاستی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر کسی امیدوار کو کوئی شکایت یے تو وہ محکمہ سے رابطہ کرکے اپنی شکایت درج کروا سکتا ہے۔

دوسری جانب سے محکمہ صحت کے سیکریٹری نے بھی امیدواروں کی فہرست سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اپنے بیان کہا کہ وہ کسی بھی سنی لیونی نامی اداکارہ کو نہیں جانتے۔

ادھر اداکارہ سنی لیونی نے بھی اپنا نام فہرست میں درج ہونے پر ٹوئیٹ کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

سنی لیونی نے مختصر ٹوئیٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی ہم نام لڑکی نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

اس فہرست کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں شامل ایک امیدوار کا نام bvcxzbnnb ہے جب کہ ان کے والد کا نام mggvghhnnnnn ہے جو نام سے زیادہ کسی کمپیوٹر یا موبائل فون کا پاس ورڈ معلوم ہوتا ہے۔

اسی طرح ایک مرد امیدوار نرمل چکربورتی کے والد کا نام اوم پوری ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست—فوٹو: نیوز 18
وزارت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست—فوٹو: نیوز 18

تبصرے (0) بند ہیں