شام: داعش کی سابق رکن کے شوہر نے نیدرلینڈ جانے کی خواہش ظاہر کردی

اپ ڈیٹ 04 مارچ 2019
فیصلہ میرے اور میرے بچے کے لیے قدرےنا مناسب ہے—فوٹو: آئی ٹی وی نیوز
فیصلہ میرے اور میرے بچے کے لیے قدرےنا مناسب ہے—فوٹو: آئی ٹی وی نیوز

لندن: برطانیہ سے فرار ہو نے کے بعد شام جاکر داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی نوجوان خاتون کے ڈچ شوہر نے اپنی بیگم کے ہمراہ نیدرلینڈز میں زندگی گزارنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی نے بی بی سی میں شائع رپورٹ کا حوالہ دہتے ہوئے کہا کہ شام میں شمیمہ بیگم کے ڈچ شوہر یاگوریڈیجک تاحال شام کے شمالی جنوب میں کردوں کے زیرانتظام حراستی کیمپ میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی 3 لڑکیاں داعش میں شامل

اس حوالے سے بتایا گیا کہ برطانیہ میں رہنے والی شمیمہ بیگم 15 برس کی تھی جب انہوں نے شام کا رخ کیا اور بعدازاں 23 سالہ یاگوریڈیجک سے شادی کی۔

اب 19 برس کی شمیمہ بیگم تیسری مرتبہ حاملہ ہیں، برطانیہ نے ان کی شہریت بھی منسوخ کردی تھی اور وہ شام میں موجود ایک پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہیں۔

شمیمہ بیگم کے شوہر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’وہ داعش کو مسترد کر چکے ہیں اور نیدرلینڈز میں اپنی بیوی اور پیدا ہونے والے بچے کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’ایک مرتبہ میرا دوست آیا اور اس نے بتایا کہ ایک لڑکی مجھ سے شادی کی خواہش مند ہے لیکن شمیمہ کی عمر کم ہونے کی وجہ سے میری دلچسپی نہیں تھی لیکن بعد میں، میں نے پیش کش قبول کرلی تھی‘۔

مزیدپڑھیں: خاتون کی بچوں کو چھوڑ کر داعش میں شمولیت

شمیمہ بیگم کے شوہر نے بتایا کہ ’ہم ساتھ بیٹھے اور وہ بالکل اپنے حواس میں تھی، یہ اس کی اپنی مرضی تھی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’شمیمہ چھوٹی اور نو عمر تھی، بہتر ہوتا کہ کچھ انتظار کر لیتیں لیکن اس نے نہیں کیا اور شادی کی خواہش ظاہر کی اور میں نے قبول کرلی‘۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ داعش نے ڈچ شہری یاگوریڈیجک کو جاسوس قرار دے کر تشدد کیا تھا اور قید میں رکھا تاہم انہوں نے شامی فورسز کے سامنے دست برداری کے بعد پناہ حاصل کی۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو برطانیہ نے شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کردی تھی۔

برطانوی سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے شمیمہ بیگم کے اہل خانہ کو مراسلے میں اطلاع دی تھی کہ ’وہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی شہری شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم جاری کر چکے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: داعش میں شامل ہونے والی خاتون، برطانیہ واپسی کی خواہشمند

انہوں نے کہا تھا کہ ’شمیمہ بیگم کے والدین کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور وہ اس ملک کی شہریت حاصل کریں‘۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے دفتر خارجہ نے مراسلہ جاری کیا کہ ’شمیمہ بیگم پیدائشی برطانوی شہری ہیں اور انہوں نے کبھی بنگلہ دیش کے لیے دوہری شہرت کے لیے درخواست نہیں دی‘

وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ’سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ انہیں بنگلہ دیش میں داخلے کی اجازت دی جائے‘۔

دوسری جانب شمیمہ بیگم نے برطانوی حکام کے فیصلے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں