ڈرائیور کی مہارت اور بہادری سے جان بچ گئی، مفتی تقی عثمانی

22 مارچ 2019
ہمیں گاڑی کے شیشوں کے ٹکڑے لگنے کی وجہ سے چند زخم آئے، مفتی تقی عثمانی — فوٹو: پنٹرسٹ
ہمیں گاڑی کے شیشوں کے ٹکڑے لگنے کی وجہ سے چند زخم آئے، مفتی تقی عثمانی — فوٹو: پنٹرسٹ

کراچی میں جامعہ دارالعلوم کے نائب مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ان کی اور اہلخانہ کے جان ڈرائیور کی مہارت اور بہادری کی وجہ سے بچی۔

دارالعلوم کراچی میں عصر کے وقت نمازیوں کو حملے کی تمام روداد بتاتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ 'حملے کے وقت میرے ساتھ میری اہلیہ اور دو پوتا، پوتی موجود تھے، اگلی سیٹ پر پولیس کی جانب سے فراہم کیا گیا محافظ موجود تھا جبکہ ڈرائیور حبیب گاڑی چلا رہا تھا۔'

انہوں نے بتایا کہ 'جب ہم راشد منہاس روڈ پر پہنچے تو اچانک ہماری گاڑی پر تین طرف سے گولیوں کی بوچھاڑ شروع ہوگئی جس سے ڈرائیور کو دائیں کندھے پر گولی لگی جبکہ محافظ کو سر پر گولی لگی، لیکن اللہ کے فضل و کرم سے میں، اہلیہ اور بچے محفوظ رہے اور ہمیں گاڑی کے شیشوں کے ٹکڑے لگنے کی وجہ سے چند زخم آئے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'حملہ آوروں کا مقصد شاید پورا نہیں ہوا تھا اس لیے وہ فائرنگ کے بعد دوبارہ پلٹے اور پھر چاروں طرف سے گولیاں برسائیں جس سے محافظ کو مزید گولیاں لگیں اور وہ شہید ہوگیا جبکہ ڈرائیور نے زخمی ہونے کے باوجود انتہائی مہارت اور جانثاری کا ثبوت دیتے ہوئے گاڑی کو آگے بڑھایا۔'

مفتی تقی عثمانی نے بتایا کہ 'گولی لگنے کی وجہ سے ڈرائیور تکلیف میں تھا اس لیے میں نے اس سے کہا کہ میں گاڑی چلا کر ہسپتال لے چلتا ہوں لیکن اس نے تیسری بار حملے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے مجھے گاڑی چلانے سے روکا اور تیزی سے خود گاڑی چلا کر لیاقت ہسپتال پہنچا۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہسپتال میں ڈاکٹروں نے محافظ کو مردہ قرار دیا جبکہ زخمی ڈرائیور کی حالت کو خطرے سے باہر بتایا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے پیچھے دوسری گاڑی میں بھی صنوبر نامی دارالعلوم کے محافظ کو بھی گولیاں لگیں جس سے وہ شہید ہوگیا جبکہ ڈرائیور عامر کی حالت تشویشناک ہے۔'

واضح رہے کہ مفتی تقی عثمانی پر نماز جمعہ کے وقت قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ محفوظ رہے تاہم ان کے 2 محافظ جاں بحق ہو گئے تھے۔

دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب دو کاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 محافظ جاں بحق ہوگئے جبکہ مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔

جاں بحق افراد کی شناخت محمد فاروق اور صنوبر خان کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں جنہیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس امیر شیخ نے کہا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے گاڑی پر فائرنگ کی۔

انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کا تسلسل نہیں، یہ فرقہ واریت کی نہیں بلکہ کراچی کا امن خراب کرنے کے سازش لگتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں