یوم پاکستان پر نریندر مودی نے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے،وزیراعظم

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2019
وزیراعظم  نے ٹویٹر میں بیان دیا—فائل/فوٹو: اے ایف  پی
وزیراعظم نے ٹویٹر میں بیان دیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر عوام سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ٹویٹر میں جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ‘وزیراعظم مودی کی جانب سے پیغام مل گیا ہے گیا’۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی نے کہا کہ ‘پاکستان کے قومی دن پر میں پاکستانی عوام سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں:گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا

مودی کا کہنا تھا کہ’ وقت آگیا ہے کہ برصغیر کے عوام مل کر امن اور خوش حالی کے لیے کام کریں’۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ‘دہشت گردی اورجارحیت سے پاک ماحول کے لیے مل کر کام کرنے کا وقت ہے’۔

مودی کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اپنی دوسری ٹویٹ میں کہا کہ ‘میں وزیراعظم مودی کے ہمارے عوام کے لیے پیغام کا خیر مقدم کرتا ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جس طرح ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں تو میرا ماننا ہے کہ تمام مسائل خاص کر بنیادی مسئلہ کشمیر کے حل اور ہمارے تمام لوگوں کے لیے امن و استحکام کی بنیاد پر نیا تعلق قائم کرنے کے لیے بھارت سے جامع مذاکرات شروع کرنے لیے یہی وقت ہے’۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مودی سے رابطے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔

مزید پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی میں اسرائیل کا بھی ہاتھ ہے

14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں پیراملٹری فورسز کی گاڑی پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک-بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلی مرتبہ پاکستان کو اپنا پیغام بھیجا ہے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ میں ہونے والے حملے کے حوالے سے بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی ہے اور خود کش حملہ مقامی لڑکے نے کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کشیدگی سے بچنے کے لیے بھارت کو قابل عمل ثبوت دینے کی پیش کش کی تھی تاکہ ثبوت کی روشنی میں کارروائی کی جائے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات اس وقت مزید کشیدہ ہوئے جب بھارتی فضائیہ نے 26 فروری کو پاکستان حدود داخل ہوکر بالاکوٹ میں جیش محمد کے مدرسے پر حملے کا دعویٰ کیا حالانکہ اس دخل اندازی کا فوری جواب دیا گیا تھا۔

پاک فضائیہ نے اگلے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے دو بھارتی جہازوں کو مارگرایا تھا اور ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے خطے میں امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو خیرسگالی کےطور پر رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور اگلے روز واہگہ بارڈر میں بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں