سیالکوٹ: اہلیہ کا سر مونڈنے، تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

14 اپريل 2019
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا — فائل فوٹو/ وائٹ اسٹار
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا — فائل فوٹو/ وائٹ اسٹار

سیالکوٹ پولیس نے گھریلوں ناچاکی پر اہلیہ کا سر مونڈنے اور اس پر جسمانی تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔

پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی، جس کے مطابق خاتون کی 3 سال قبل علی رضا سے شادی ہوئی تھی اور ان دونوں کے درمیان بیٹی کی پیدائش کے بعد سے تعلقات کشیدہ تھے جبکہ اس دوران علی رضا نے متعدد مرتبہ اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: بیوی پر تشدد کرنے والے ملزم اور ساتھی کی درخواست ضمانت مسترد

گزشتہ روز ملزم نے اپنی اہلیہ پر تشدد کیا اور اس کے سر کے بال کاٹ دیئے جبکہ وہ گھر سے جاتے ہوئے بیٹی کو بھی چھین کر ساتھ لے گیا تھا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا، بعد ازاں صدر تھانے کے سب انسپکٹر دلاور حسین نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

بیٹے کی فائرنگ سے ماں زخمی

دوسری جانب ڈسکہ میں ہی ایک نوجوان نے غیرت کے نام پر اپنی ماں کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔

رضیہ سلطانہ اپنے مکان میں موجود تھیں کہ ان کے بیٹے فلک شیر اور اس کے ساتھی، مشتاق، آکاش، شریف اور اکمل، مکان میں داخل ہوئے اور فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کو اپنی ماں پر کسی شخص سے نا جائز تعلقات استوار کرنے کا شبہ تھا، واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک قرار دی۔

صدر تھانے میں ملزم کے بھائی محمد زید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

بعد ازاں پولیس کے سینئر حکام نے ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں