پشاور تا کراچی ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے پاک چین معاہدہ

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2019
دونوں ممالک کے سربراہان کے ساتھ ان کے وفود بھی موجود تھے — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
دونوں ممالک کے سربراہان کے ساتھ ان کے وفود بھی موجود تھے — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے سے متعلق ایم ایل ون معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت پشاور سے کراچی تک ٹرینوں کے لیے ڈبل ٹریک بچھایا جائے گا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دورہ چین پر موجود وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ یہ پاکستان ریلوے کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پشاور اور کراچی کے درمیان تعمیر کیے جانے والے نئے ٹریک پر ٹرین کی رفتار ایک سو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

مزید پڑھیں: چین کے 3 شہر پاکستان کے کراچی، گوادر اور ملتان کے جڑواں شہر قرار

خیال رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی) کے فورم کے ساتھ وزیراعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب لی کیانگ اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

اس سے قبل ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ ملاقات گریٹ ہال میں ہوئی جہاں دونوں ممالک کے سربراہان کے ہمراہ ان کا وفود بھی موجود تھا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک روز قبل چین کے نائب صدر وانگ قشان سے اپنے وفد کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چینی رہنماؤں کی بات چیت کا مرکز پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ ہے جس کے حوالے سے چینی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی ترجیحات کے مطابق ایڈجسٹ کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں مزید ممالک شامل ہورہے ہیں، چینی صدر

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جن میں تعلیم، صحت، ذراعت، پانی و آب پاشی، انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے سے متعلق منصوبے شامل ہیں اور یہ سرمایہ کاری تقریباً ایک ارب ڈالر تک ہوگی۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران ہی ان منصوبوں پر سرماری کاری سے متعلق دونوں ممالک کے درمیان معاہدے ہوں گے۔

پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) کے دوسرے مرحلہ میں دستخط کیے جائیں گے جس کی وجہ سے چین پاکستانی مصنوعات کے لیے اپنی 90 فیصد مارکیٹ کو اوپن کردے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں