ایوینجرز اینڈ گیم 26 اپریل کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے بعد سے باکس آفس پر اسے کوئی شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

مگر اب دنیا کے طاقتور ترین سپر ہیروز کو کیانو ریوز کے قاتل کے کردار جان وک نے باکس آفس پر شکست دے دی ہے۔

جان وک سیریز کی تیسری فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں امریکی باکس آفس پر ایوینجرز اینڈ گیم کو کمائی کے معاملے میں شکست دی۔

جان وک چیپٹر 3 نے جمعہ سے ہفتے کے دوران 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز (8 ارب 44 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کمائے جبکہ ایوینجرز اینڈگیم کے حصے میں 2 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز آئے اور اب تک وہ امریکا میں 77 کروڑ ڈالرز کما کر سب سے زیادہ کمانے والی دوسری فلم بن چکی ہے اور اب اس کے سامنے اسٹار وارز دی فورس اویکن ہے۔

جان وک سیریز کی پہلی فلم 2014 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں مرکزی کردار نے اپنے کتے کے قتل پر پورے جرائم پیشہ گینگ کا خاتمہ کردیا تھا اور مجموعی طور پر امریکی باکس آفس پر 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کمائے۔

جان وک 3 — فوٹو بشکریہ لائنز گیٹ
جان وک 3 — فوٹو بشکریہ لائنز گیٹ

اس کے مقابلے میں جان وک چیپٹر ٹو نے ریلیز کے پہلے ہفتے 3 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کمائے مگر جان وک چیپٹر 3 نے ماہرین کی توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا جن کا خیال تھا کہ یہ فلم پہلے ہفتے 4 کروڑ ڈالرز ہی کما سکے گی۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ کیانو ریوز کا جادو اب تک فلمی ناظرین پر طاری ہے اور چیپٹر تھری اس سیریز کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہونے والی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں