غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو اجاگر کرتی ’ہیر مان جا‘

حریم فاروق اور علی رحمٰن خان رومانس کرتے دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
حریم فاروق اور علی رحمٰن خان رومانس کرتے دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

آنے والی پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ’ہیر مان جا‘ یوں تو عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی، تاہم فلم کے جاری کیے گئے پہلے ٹیزر نے ہی لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا تھا۔

فلم کا پہلا ٹیزر رواں برس مئی کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا، جس میں نہ صرف مرکزی کرداروں کے رومانس کو دکھایا گیا تھا بلکہ یہ بھی دکھایا گیا تھا کہ ان کی رومانوی کہانی ٹوئسٹس سے بھرپور ہے۔

فلمی شائقین کا خیال ہے کہ ’ہیر مان جا‘ کامیڈی اور ایکشن فلم ہوگی، تاہم فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ فلم کو ایکشن اور کامیڈی تک محدود نہ سمجھا جائے۔

فلم کی مرکزی کہانی تو حریم فاروق (ہیر) اور علی رحمٰن خان (کبیر) کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم میں کچھ اور کہانیاں بھی شامل ہوں گی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر عمران کاظمی نے انکشاف کیا کہ ’ہیر مان جا‘ ملک میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے واقعات سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں مدد کرے گی۔

فلم میں زارا شیخ آئٹم گانے پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
فلم میں زارا شیخ آئٹم گانے پر پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

فلم پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ ان کی فلم میں انتہائی ہلکے پھلکے انداز میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے واقعات کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس حوالے سے فلم ایک اچھا پیغام بھی دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہیر مان جا‘ علی رحمٰن اور حریم فاروق کی رومانوی کہانی

فلم پروڈیوسر کے مطابق ان کے تمام منصوبوں میں کوئی نہ کوئی خاص پیغام دیا جاتا ہے، اسی طرح ’ہیر مان جا‘ میں بھی غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے متعلق پیغام دیا جائے گا۔

حریم فاروق اور علی رحمٰن خان پہلے بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ
حریم فاروق اور علی رحمٰن خان پہلے بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ

انہوں نے وضاحت کی کہ فلم میں ہیر (حریم فاروق) ایک انتہائی رجعت پسند گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ علی رحمٰن خان (کبیر) آرکیٹک کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جن کا ایک ہی خواب ہوتا ہے کہ وہ بلند و بالا عمارت تعمیر کریں۔

عمران کاظمی کا کہنا تھاکہ فلم کے دونوں مرکزی کردار ایک دوسرے سے انتہائی مختلف ہیں اور ان میں کوئی بھی بات مشترک نہیں ہوتی اور وہ بار بار فلم میں ایک دوسرے سے اختلاف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ہیر مان جا‘ ٹوئسٹ سے بھرپور رومانوی کہانی

فلم کے مرکزی کرداروں کا ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود ان کے درمیان پیار ہونا اور پھر ان ہی کے پیار کے گرد کہانی گھومنے سے شائقین میں تجسس بڑھ گیا ہے کہ آخر دونوں کیسے ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور کیسے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود مرکزی کرداروں میں شدید محبت ہوتی ہے—اسکرین شاٹ
ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود مرکزی کرداروں میں شدید محبت ہوتی ہے—اسکرین شاٹ

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے جاری کیے گئے ٹیزر سے بھی اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ فلم کے دونوں مرکزی کردار کیسے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: ہیر مان جا میں ڈانس نمبر سے زارا شیخ کی واپسی

ٹیزر میں فلم کے تقریبا تمام مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے اور ساتھ ہی فلم میں مختصر کردار ادا کرنے والے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں جہاں فلم کے دلچسپ مناظر کو دکھایا گیا ہے وہیں فلم کے مقبول گانوں کے بول بھی سنائے گئے ہیں۔

ٹیزر میں زارا شیخ، حریم فاروق اور علی رحمٰن خان سمیت دیگر کرداروں کی جھلک کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں اور اسے جیو فلمز کے بینر تلے عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں