امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2 روزہ دورے پر ہفتے کو پاکستان پہنچیں گے

اپ ڈیٹ 21 جون 2019
امیر قطر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے ہوگا — فائل فوٹو/اے ایف پی
امیر قطر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے ہوگا — فائل فوٹو/اے ایف پی

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر ہفتہ (22 جون) کو پاکستان پہنچیں گے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر کے ہمراہ اہم وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔

اپنے دورے میں شیخ تمیم بن حمد الثانی وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے اور ایک مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ملاقات

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2015 میں امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اس دورے کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں/معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا باعث بن سکتا ہے۔

علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ اس دورے میں منی لانڈرنگ کے حوالے سے فنانشل انٹیلیجنس کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قطر کا پاکستان میں 'ویزا سینٹر' کھولنے کا اعلان

اسی طرح قطر کے فنانشل انفارمیشن یونٹ اور اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے درمیان دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے بھی ایم او یو پر دستخظ متوقع ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کا امکان ہے۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن قطر میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطری سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں